غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، محمد خان لہڑی

پیر 16 ستمبر 2019 23:56

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔ کھیل کود جہاں نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتی ہے وہاں کھیل کود اور غیر نصابی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتیں بھی پیدا ہوتی ہیں۔

سپورٹس کے مقابلوں کے انعقاد سے صحت مندانہ ماحول کے قیام میں مدد ملتی ہے اور نوجوان نسل نشہ اور دیگر معاشرتی برائیوں سے دور رہتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لائیو سٹاک کالونی بروری روڈ کوئٹہ میں سپورٹس فیسٹیول کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ،ملک نصیر شاہوانی، ایف سی کرنل عامر، ڈائریکٹر سکولز اعجاز بلوچ،ڈی ای او کوئٹہ شبیراحمد لانگو، ڈی ای او فیمیل شاہدہ عزیز،ڈی ڈی ای او فیمیل مہ جبیں لہڑی سمیت بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

محمد خان لہڑی نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں کھیلوں کے میدان ویران ہوتے گئے مگر کسی نے اس بحران پر توجہ نہیں دیا۔ نوجوان معاشرتی برائیوں کا شکار ہوتے گئے۔ صوبے کے کھیلوں کے میدانوں کے غیرآباد ہونے کی وجہ سے یہاں نشے کے اڈے قائم ہوگئے،جرائم میں اضافہ ہوتا گیا۔ نوجوان ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں دہشت گردی جیسی لعنتوں کا حصہ بنتے گئے۔ اس صورتحال کی وجہ سے معاشرے میں بے چینی،افراتفری، جرائم میں اضافہ اور نوجوانوں میں بیراہ روی پھیلتی گئی۔

صوبائی مشیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اس بحرانی صورتحال کا احساس ہے اسی لیے حکومت نے عوامی فلاحی منصوبوں خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبوں کی اپنی اولین ترجیح بنائی ہے۔ سب سے زیادہ رقوم تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے مختص کی گئی ہیں۔ نظام تعلیم کی بہتری کیلئے ہم نے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ اسی طرح صحت کے شعبے کو بھی نظرانداز نہیں کیا گیا ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کی معیار زندگی بہتر بنانے کیلیے جہاں تک ممکن ہو اقدامات اٹھائیں گے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں کے لیے وزارت تعلیم نے خصوصی فنڈز مختص کی ہیں تاکہ صوبے کے ہر تعلیمی ادارے میں طلباء و طالبات اپنی قائدانہ کردار کا بخوبی مظاہرہ کرسکیں۔اس کے علاؤہ صوبائی اور قومی سطح پر سپورٹس اور دیگر ثقافتی مقابلوں کے انعقاد پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

جس کی واضح مثال رواں سال میں سب سے زیادہ سپورٹس کے مقابلوں کا انعقاد ہے۔ جسکا کریڈٹ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزراء اور دیگر افسران کو جاتا ہے جنہوں نے بہترین پروگراموں کا انعقاد کیا۔ محمد خان لہڑی نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان تعلیم صحت آئی ٹی اور سپورٹس کے شعبوں میں پھر سے اپنا لوہا منوالے گا۔ ملک اس وقت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ ہمیں آپ کی مدد اور تعاون کے ساتھ ساتھ آپ کے ذمہ دار شہری ہونے کی ضرورت ہے۔ ملکی حالات کاتقاضہ ہے کہ ہم لگن ایماندای اور خلوص نیت سے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں