معاشی استحکام کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے،فیروزشاہ

دہشت گردی کے واقعات پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے

ہفتہ 20 اپریل 2024 20:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) مشیر سرمایہ کاری بورڈ اورپاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سیدفیروزعالم شاہ نے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جانے والے غیر ملکی شہریوں کی گاڑی پرلانڈھی کی مانسہرہ کالونی کے قریب خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات پاکستان میں ہونے والی غیر ملکی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے لہٰذاپاکستان میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی استحکام کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سیدفیروز عالم شاہ نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں دہشت گردی کے واقعات کو سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے مگر اس کیلئے ملک میں پرامن ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

سیدفیروز عالم شاہ نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سول و عسکری قیادت کی کوششیں لایق تحسین ہیں مگر ملحوظ خاطر رہنا چاہیے کہ سرمایہ کاری کیلئے سکیورٹی چیلنجز کا مستقل حل تلاش کرنا نہایت ضروری ہے کیونکہ بڑی جدوجہد کے بعد غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے متوجہ ہوئے ہیں جنہیں سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں