ماحولیات اور صحت عامہ کو نقصان دہ صنعتی سرگرمیوں سے بچانا ہم سب کی زمہ د اری ہے، صوبائی مشیر نسیم الرحمن

منگل 23 اپریل 2024 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) صوبائی مشیر کلائمنٹ چینج و ماحولیات نسیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق محکمہ تحفظ ماحولیات شہریوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور نقصان دہ ماحولیاتی اثرات کو کم اور ختم کرکے ایک پائیدار مستقبل بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گا۔

محکمہ ماحولیات صنعتی سرگرمیوں سے آلودگی، فضلہ و اخراج کو کم کرنے اور عوام کی صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے معیارات اور ضوابط کو نافذ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے تحت نیشنل انوائرمنٹل کوالٹی اسٹینڈرڈز اور دیگر ضوابط کے نفاذ کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی اور شور کی آلودگی کے لیے معیار اور مقداری معیارات کو نافذ کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔ماحولیات اور صحت عامہ کو نقصان دہ صنعتی سرگرمیوں سے بچانا ہم سب کی ذمداری ہے، پائیدار ترقی اور ماحولیاتی ذمہ داری کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبائی مشیر نے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی انحطاط سے نمٹنے کے لیے محکمے کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس وقت پوری دنیا کو گلوبل وارمنگ کا سامنا ہے، ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف ستھرا، سرسبز اور صحت مند بلوچستان بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے صوبے میں ماحولیاتی ضوابط کو نافذ کرنے اور پائیدار طریقوں کو فروغ دینے کے لیے انتھک محنت کرتے رہیں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں