پولیو کے خاتمے میں کسی قسم کی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، کمشنرژوب ڈویژن طارق الرحمٰن بلوچ کا انسداد پولیو مہم کے اجلاس سےخطاب

ہفتہ 27 اپریل 2024 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) کمشنرژوب ڈویژن طارق الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اس ضمن میں انسداد پولیو ٹیموں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی پولیس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، نیشنل اسٹاف آفیسر محمد امین نے اجلاس کے شرکاء کو انسداد پولیو مہم اور انتظامات سے متعلق بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ 29 اپریل سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ژوب میں 74 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے 235 موبائل ٹیمیں 8 ٹرانزٹ پوئنٹس 29 فکس سنٹر بنائے گئے ہیں جبکہ ممکنہ طور پر آنے والے خانہ بدوش بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے سرحدی علاقوں سمبازہ اور قمر الدین کاریز میں دو سیزنل پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر اور مختلف علاقوں میں بہت سے والدین بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری ہوتے ہیں لہذٰا ایسے تمام افراد کے بچوں کو بھی قطرے پلانے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ علاقے میں کوئی بچہ بھی قطرے پلائے بغیر نہ رہے، کمشنر طارق الرحمٰن بلوچ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے ہم سب ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے، پولیو مہم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے اس مرض کا خاتمہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے لہذٰا اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برتنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے معاشرے کا ہر فرد ملک سے اس موذی مرض کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے انہوں نے ضلعی انتظامیہ پولیس اور لیویز حکام کو ہدایت کی انسداد پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں