خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کی 25 طالبات نے سکاٹ لینڈ پاکستان سکالر شپ برائےنوجوان خواتین اپنے نام کرلی

جمعرات 7 ستمبر 2023 22:19

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2023ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کی 25 طالبات نے سکاٹ لینڈ پاکستان سکالر شپ برائےنوجوان خواتین اپنے نام کرلی۔ ان طالبات کو 74لاکھ روپے کی سکالر شپ فراہم کی گئی جو ان کے ٹیوشن اخراجات ، ہاسٹل کے اخراجات اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں پر خرچ ہوگی۔

یونیورسٹی کے سکالر شپ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں طالبات کو سکالر شپ سرٹیفکٹ تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمانان خصوصی سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات، سابق /بانی چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین اور پروگرام منیجر ہائرایجوکیشن وبرٹش کونسل کے رکن مبشر شیخ تھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جامعہ کی تعمیر و ترقی خصوصا خواتین کی خود مختاری اور ان کو تعلیمی کی بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے خواجہ فرید یونیورسٹی کے اقدامات بارے تفصیل سے بتایا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے بتایا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی خواتین کی تعلیم اور ان کی خود مختاری کے حوالے سے کئی نمایاں اقدامات کرچکی ہے جن میں انجینئرنگ پروگرامز میں طالبات کے لیے 100فیصد سکالر شپ، محفوظ اور تعلیم دوست ماحول کی فراہمی شامل ہے۔انہوں نے سکالر شپ حاصل کرنے والی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اظہار کے ساتھ وہ اس عزم کا بھی اظہار کریں کہ مستقبل میں جب وہ عملی زندگی میں داخل ہوں گی تو کم از تین ضرورت مند بچیوں کی تعلیم کی ذمہ داری لیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی ۔ اس ضمن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کے اقدامات نہ صرف قابل تعریف ہیں بلکہ قابل تقلید بھی ہیں۔ انہوں نے سکالر شپ حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو محفوظ ماحول اور مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی قیادت میں خواجہ فرید یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اعلیٰ تعلیم خصوصا طالبات کی اعلیٰ تعلیم کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں ۔ انہوں کہا دور حاضر کی ضروریات بدل رہی ہیں، عصر حاضر میں جن سکلز کی ضرورت ہے طالب علموں کو انہیں سیکھنا ہوگا تاکہ وہ نہ صرف عالمی مارکیٹ کی ضروریات پوری کرسکیں بلکہ اپنے اور اپنے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بھی کردار اداکرسکیں۔

اس موقع پر مبشر شیخ کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے اب تک 18ہزار طالبات اس سکالر شپ پروگرام سے مستفید ہوئی ہیں۔ سکاٹش حکومت کا یہ پروگرام خواتین کو خود مختار بنانے اورانہیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا اس پروگرام کے اگلے مرحلے کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے۔طالبات کا کہنا تھا کہ وہ اس سکالر شپ کی فراہمی پر سکاٹش حکومت اور خواجہ فرید یونیورسٹی کے سکالر شپ ڈیپارٹمنٹ کی انتہائ مشکور ہیں ۔ یہ سکالر شپ اعلیٰ تعلیم کے اس سفر کی تکمیل میں ان کی اور ان کے اہلخانہ کی بھرپور معاونت کرے گا۔\378

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں