کے ایف یو ای آئی ٹی کے 150 کیمیکل انجینئرز چین میں تربیت حاصل کریں گے

پیر 23 اکتوبر 2023 11:44

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2023ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان نے اپنے طلبا ء کو چین میں تربیت دینے کے لئے ایک معاہدہ کیا ہے۔یونیورسٹی نے ایک آن لائن تقریب کے ذریعے 150 کیمیکل انجینئرز کے لئے اپنے تربیتی پروگرام کا آغاز کیا۔اس تعاون کے تحت ، کے ایف یو ای آئی ٹی نے ٹی این جی انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ کے ساتھ شراکت داری کی ہے ، جو اپنے گریجویٹس کو نائیجیریامیں اپنے انجینئرنگ منصوبوں پر شروع کرنے سے پہلے خصوصی زبان اور طریقہ کار کی تربیت فراہم کرے گا۔

تقریب میں کے ایف یو ای آئی ٹی، ٹی این جی انٹرنیشنل، نارتھ ویسٹ نارمل یونیورسٹی اور نائیجریاکے صنعتی مندوبین نے شرکت کی۔اس سے قبل کے ایف یو ای آئی ٹی اور ٹی این جی نے چین میں 150 کیمیکل انجینئرز کو افریقہ میں بین الاقوامی منصوبوں پر کام کرنے کے لئے تعینات کرنے سے پہلے ان کی تربیت کے لئے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران وائس چانسلر کے ایف یو ای آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کہ یونیورسٹی کے کیمیکل انجینئرز اب چینی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے عملی میدان میں اپنا پہلا قدم اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے چینی زبان سیکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کے ایف یو ای آئی ٹی میں طلبا کو چینی سکھانے کے لئے ایک مرکز کے قیام کی تجویز پیش کی۔مزید برآںنائیجریا، تانگ انٹرنیشنل اور نارتھ ویسٹ نارمل یونیورسٹی کے نمائندوں نے کے ایف یو ای آئی ٹی اور اس کے چینی اور نائیجریاکے ہم منصبوں کے درمیان تعاون کو وسعت دینے اور گہرا کرنے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ٹی این جی انٹرنیشنل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ منتخب طلبا ء پہلے پاکستان میں 3 سے 4 ماہ کی تربیت حاصل کریں گے اور بعد میں نائیجیریا میں تعیناتی سے قبل چین میں 2 سے 3 ماہ کی تربیت حاصل کریں گے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں