ملکہ کوہسار مری میں سیاح فیملی پر تشدد میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

ڈولفن فورس سمیت پولیس کی اضافی نفری تعینات، سیاحوں کی سہولت کے لئے خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم

منگل 18 دسمبر 2018 00:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) راولپنڈی پولیس نے ملکہ کوہسار مری میں سیاح خاتون اور اہل خانہ پر تشدد کے واقعہ میں ملوث6ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ مری کے پر ہجوم مقامات پر ڈولفن فورس سمیت پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی، سیاحوں کی سہولت اور شکایات کے لئے خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کردیا گیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی عباس احسن کے خصوصی احکامات پر ایس پی صدر ڈویژن طاہرمقصود کی براہ راست نگرانی اور اے ایس پی مری سرکل فریال فرید کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے گزشتہ روز سیاح خاتون پر تشدد کرنیوالے ملزمان کیخلاف درج مقدمہ کے 6 ملزمان کوگرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچانے کے لیے سی پی او راولپنڈی کے احکامات پر مری میں تمام پر ہجوم مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو بھی خصوصی طور پر گشت ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے۔ سی پی او راولپنڈی نے مری میں سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کیلئے خصوصی ہیلپ ڈیسک بنانے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ راولپنڈی پولیس مری میں سیاحوں کی حفاظت اور تحفظ کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں