عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے‘پولیس فورس کی جسمانی و دماغی فٹنس ناگزیر ہے، اصلاحات کا نفاذ ہرصورت یقینی بنایا جائے گا

انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز کا پولیس دربار سے خطاب

پیر 22 اپریل 2019 19:02

عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے‘پولیس فورس کی جسمانی و دماغی فٹنس ناگزیر ہے، اصلاحات کا نفاذ ہرصورت یقینی بنایا جائے گا
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے کہاہے کہ پنجاب پولیس کے پاس کارکردگی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ، سستی اور کاہلی برداشت نہیں ہوگی،عوام کی خدمت عبادت سے کم نہیں ، مورال بلند رکھیں، پولیس فورس کی جسمانی و دماغی فٹنس ناگزیر ہے ، عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ،عوام کی داد رسی کرکے ان سے دعائیں لیں بد دعائیں نہ لیں، تھانہ کلچر کی تبدیلی مشن ہے، پولیس اصلاحات کا نفاذ ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے ،فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز کو پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی آمد پر سلامی پیش کی۔ پولیس دربار میں آر پی او راولپنڈی احمد اسحاق جہانگیر ، سی پی او راولپنڈی عباس احسن ،ایس ایس پی سپیشل برانچ ،چیف ٹریفک آفیسرراولپنڈی، ڈی پی اوز اٹک ،جہلم،چکوال سمیت ٹریفک سٹاف ،سپیشل برانچ ،سی ٹی ڈی اوردیگر افسران و جوانوں نے شرکت کی ۔

پولیس لائن میں دربار سے قبل آئی جی پی پنجاب نے آر پی او دفترراولپنڈی کا بھی دورہ کیا جہاں آرپی او راولپنڈی نے انکا استقبال کیا، آئی جی پی پنجاب کو سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے ریجن میںجرائم کی مجموعی صورت حال اور جاری منصوبوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انسپکٹر جنرل پولیس آف پنجاب نے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو عوام دوست بنانے اور پولیس کے امیج کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں ، ان وجوہات کا جائزہ لیں جن سے پولیس کا امیج عوام میں خراب ہوتا ہے ،پنجاب پولیس کے پاس کارکردگی کے علاو ہ کوئی راستہ نہیں ، اللہ کے سامنے جھکیں، عہدہ امتحان ہے ۔

انہوں نے کہاہے کہ راولپنڈی میں کار چوری دیرینہ مسئلہ ہے اس پر خصوصی توجہ دیں ،آئی جی پی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے سرپرست کے طور پر صوبہ بھر میں پولیس درباروں سے خطاب کر رہا ہوں پولیس کی ویلفیئر کی بہتری کیلئے کام کر رہا ہوں، پولیس افسران کی ترقیوں اور تنخواہوں کی میں خود ذمہ داری لیتا ہوں ،ماتحت سینئر افسران کی ہدایات پر عمل کریں ، ایسے حالات نہ پیدا کریں کہ کاروائی کا سامنا کرنا پڑے، سنیئر افسران بھی ماتحتوں سے برتائو بہتر کریں ، کوتاہی پر محکمانہ کارروائی کریں مگر برتائو ہمیشہ درست رکھیں ، میڈیا سے حقائق چھپانے کی ضرورت نہیں ،پولیس کی اچھی کارکردگی کے بارے میں بھی میڈیا کو بتائیں ،اس موقع پر پولیس اہلکارو ں نے اپنی شکایات و تجاویز کی بابت تحریری طور پر انسپکٹر جنرل پولیس آف پنجاب کو آگاہ کیاجس پر آئی جی پی پنجاب نے تجاویز اورمسائل کے حل کے بارے میں احکامات صادر فرمائے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں