پنڈی پولیس الرٹ ہے،قانون کے دائرے میں رہ کر ہر وہ راستہ اختیار کریں گے جس سے قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جا سکے،محمد فیصل رانا

شاہرات اور سڑکوں کی ایک لمحے کے لئے بندش برداشت نہیں کی جائیگی،عوام یقین رکھیں ان کی شخصی آزادیوں کی تحفظ ہر صورت میں کیا جائے گا،سی پی اوراولپنڈی

منگل 22 اکتوبر 2019 23:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ پنڈی پولیس الرٹ ہے،قانون کے دائرے میں رہ کر ہر وہ راستہ اختیار کریں گے جس سے قانون کی حکمرانی اور عملدار ی یقینی بنائی جا سکے،شاہرات اور سڑکوں کی ایک لمحے کے لئے بندش برداشت نہیں کی جائے گی،عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کیا روڈ میپ ہو گا اس کا فیصلہ قانون کی طاقت کی روشنی میں کر لیا گیا ہے ،عوام یقین رکھیں ان کی شخصی آزادیوں کی تحفظ ہر صورت میں کیا جائے گا،حالیہ صورتحال میں جن افراد سے قانون شکنی کا خدشہ ہو ان کی کڑی نگرانی کی جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جڑواں شہروں پنڈی اور اسلام آباد پولیس کی مشترکہ حکمت عملی پر عمل در آمد کے حوالے سے پنڈی پولیس کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں ایس ایس پی طارق ولایت،ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل ایس پی پوٹھوہار سید علی ،ایس پی صدر رائے مظہر اقبال اور ایس پی راول آصف مسعود کے علاقہ دیگر پولیس افسران نے شرکت کی،سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ ہم نے قانون کی حکمرانی ،قانون کی رٹ اوراس کی روشنی میں عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر صورت میں کرنا ہے، حالیہ صورتحال کے تناظر میںضلع بھر کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز،سرکلز کے ایس ڈی پی اوز اور ڈویژنل ایس پیز کو قانون کے دائرے کے اندر ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کر کے قانون کی طاقت کے حوالے سے انہیں ریفریش کر دیا گیا ہے،سی پی او نے کہا کہ جڑواں شہروں کی پولیس کی مشترکہ حکمت عملی اس قدر نتیجہ خیز ہے کہ اس پر عمل در آمد سے کوئی شخص،گروہ ،لشکر یا جتھا ایک محلے کی کسی چھوٹی بڑی سڑک کو بھی بند نہیں کر سکے گا ،انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کی ہدایات پر پہلے ہی کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے حالیہ صورتحال میں محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے جو نئی ہدایات جاری کی ہیں ان پر بھی مکمل عمل در آمد کیا جائے گا،سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد تو معمول کے حالات میں کسی بھی حوالے سے ایکٹو نہیں ہو سکتے اب تو غیر معمولی حالات ہیں لہٰذا کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی بھی غیر معمولی انداز میں کی جائے گی،اگر محسوس کیا گیا کہ کوئی کالعدم تنظیم یا فورتھ شیڈول میں شامل شخص حالیہ صورتحال ایکٹو ہونے کی کوشش کرے گا تو اسے فوری گرفتار کر کے اس کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے،سی پی او نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے اطمینان کو استحکام دینے کے لئے سڑکات اور شاہرات پر پولیس کی پٹرولنگ کو24/7یقینی بنایا جائے ،راولپنڈی کے تمام داخلی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے اگر کوئی شخص ،گروہ ،جتھا یا لشکر ڈنڈے کے زور پر کاروبار یا سڑک بند کروائے تو اسی فوری گرفتاری کیا جائے اس حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل در آمد شروع ہو چکا ہے سی پی او نے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی قسم کی سرگرمی کو فوری طور پر میرے نوٹس میں لایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں