ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے ڈھوک سیداں گرائونڈ کو بچوں کے کھیل کود کے قابل بنانے پر توہین عدالت کی پٹیشن نمٹا دی

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ نے ڈھوک سیداں گرائونڈ کو بچوں کے کھیل کود کے قابل بنانے پر توہین عدالت کی پٹیشن نمٹا دی ۔بدھ کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے جسٹس طارق محمود عباسی اور جسٹس شاہد محمود عباسی پر مشتمل بنچ نے سماعت کی ۔ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر سبطین رضا نے گرائونڈ کی صفائی اور اسے بچوں کے کھیل کے قابل بنانے کی رپورٹ فاضل عدالت میں پیش کی۔

عدالت نے رپورٹ کے پیش نظر پٹیشنر انوار ڈار ایڈووکیٹ سے گرائونڈ کی صفائی بارے استفسار کیا ۔پٹیشنرانوار ڈار ایڈوکیٹ کے مطابق راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے گرائونڈ کی صفائی اور دیگر امور سے مطمئن ہوں ۔ وکیل درخواست گزار انعام الرحیم نے کہاکہ عدالت کینٹ بورڈ حکام کو مستقبل میں بھی گرائونڈ کی صفائی یومیہ بنیادوں پر کرانے کا پابند بنانے کا حکم دے ۔

(جاری ہے)

پٹیشنر محمد انوار ڈار ایڈووکیٹ نے ڈھوک سیداں گرائونڈ میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیروں کے خلاف درخواست دائر کر کھی تھی ۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے گذشتہ سماعت پر سی ای او راولپنڈی کینٹ کی سخت سرزنش کرتے ہوئے گرائونڈ کی صفائی کا حکم دیا تھا۔پٹیشنر نے ڈھوک سیداں میں 108کنال 9مرلہ اراضی کو سکول کالج ہسپتال اور کھیل کے میدان کے لئے مختص کرنے کی استدعا کی تھی

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں