kراولپنڈی: بھائی کے ہاتھوں سگے بہن بھائی قتل، ماں زخمی

ًملزم نویں جماعت کا طالب علم ہے، قتل گھریلو رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے، ایس ایچ او مندرہ

اتوار 17 جنوری 2021 18:55

,راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2021ء) راولپنڈی میں تھانہ مندرہ کے علاقے کوری دولال میں 15 سالہ لڑکے نے اپنے ہی بڑے بھائی اور بہن کو قتل جب کہ ماں کو زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق راولپنڈی مندرہ کے علاقے کوری دولال میں بدبخت بھائی نے اپنے بڑے بھائی اور بہن کو فائرنگ کرکے قتل جب کہ ماں کو شدید زخمی کردیا، اور موقع سے فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اورنگزیب کے اہل خانہ رات کو معمول کے مطابق سوئے لیکن صبع کمروں میں 24 سالہ حسن زیب اور 18 سالہ عاصمہ اورنگزیب کی لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ ان کی والدہ نصیراں شدید زخمی حالت میں بے ہوش ملی، پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر فرانزک ٹیم کے ذریعے شہادتیں اکٹھی کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیں۔ایس ایچ او مندرہ یاسر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتولین کو ان کے 15 سالہ حقیقی بھائی احسن نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور فائرنگ میں اس کی والدہ بھی زخمی ہوگئی، ملزم موقع سے فرار ہوگیا، ملزم نویں جماعت کا طالب علم ہے اور بظاہر قتل گھریلو رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے، تاہم تفتیش میں مزید صورتحال واضع ہوجائے گی، پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلیے چھاپے مار نے شروع کر دیئے ہیں

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں