اڈیالہ روڈ پر فائرنگ کا واقعہ، سی پی او کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

منگل 24 مئی 2022 00:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) سی پی او عمرسعید ملک نےتھانہ صدر بیرونی کے علاقہ اڈیالہ روڈ پر فائرنگ سے خاتون کے جاں بحق اور اس کے شوہرکے زخمی ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او نے ایس پی صد راحمد زنیر چیمہ سے رپورٹ طلب کرتے ہو ئے ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

واقعہ میں زخمی ثاقب محمود کے ابتدائی بیان کے مطابق اس کی اہلیہ کے گھر والوں نے فائرنگ کی، ثاقب محمود کے مطابق اس نے مقتولہ حُسن تاج سے سات ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، دونوں میاں بیوی آج اڈیالہ روڈ اپنا شناختی کارڈ بنوانے آئے تھے، جہاں ملزمان نے فائرنگ کی۔

ایس ایچ او صد ربیرونی پولیس ٹیم کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے ، تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی اور نعش کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، واقعہ کا مقدمہ درج کیا جا رہاہے۔ ایس پی صدر احمد زنیر چیمہ نے کہا کہ افسوسناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتا رکرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں