بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کے ڈپٹی کنٹرولر راجہ سجاد اکبر ریٹائرڈ ہوگئے

جمعہ 19 اپریل 2024 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے ڈپٹی کنٹرولر راجہ سجاد اکبر ریٹائر ہوگئے۔ڈپٹی کنٹرولر راجہ سجاد اکبر کی ریٹائرمنٹ پرصدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی راولپنڈی بورڈ راجہ عثمان اور دیگر نے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، انہیں بورڈ افسران اور ملازمین نے پروقار انداز میں ہار پہنا کر رخصت کیا، انکی خدمات کو سراہاگیااور تمام ملازمین نے عہد کیاکہ وہ ادارے کی بہتری اور ساکھ کے لیے راجہ سجاد اکبر کی روایت پر عمل کرینگے۔

تقریب میں ممبران پنجا ب اسمبلی راجہ عمران الیاس، تحسین فواد،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شیر احمد ستی، چیئرمین بورڈ چوہدری عدنان، کنٹرولر پروفیسر ساجد فاروقی، سیکرٹری بورڈ پروفیسرآصف، سابق چیئرمین بورڈ پروفیسر ہمایوں اقبال کے علاوہ ہیڈماسٹر ایسوسی ایشن کے صدر ساجد عباسی، سابق صدر چوہدری صغیر عالم،پنجاب ٹیچرز یونین وایپکا کے دونوں دھڑوں کے عہدے داروں اوردیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر ایمپلائز ویلفیئرایسوسی ایشن راجہ عثمان نے ممبران پنجاب اسمبلی کو ملازمین کے بڑھتے ہوئے مسائل اوردیرینہ مطالبات بارے آگاہ کرتے ہوئے استدعا کی کہ وہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ممبران پنجاب اسمبلی راجہ عمران الیاس اور محترمہ تحسین فواد نے یقین دلایاکہ وہ اسمبلی میں انکے وکیل کے طورپر کام کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے اپنی بھرپور کوشش کرینگے۔

ریٹائرڈ ہونے والے آفیسر ڈپٹی کنٹرولر راجہ سجاد اکبر نے اپنے تجربات کو دہراتے ہوئے بورڈ ملازمین کو نصیحت کی کہ وہ خلوص دل اور پوری ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے دوسروں کے لیے ہرممکن آسانیاں پیدا کریں تاکہ بورڈ کی ساکھ کو مزید بہتر بنایاجاسکے۔بعدازاں بورڈ افسران اور ملازمین کے علاوہ دیگر مہمانوں نے راجہ سجاد اکبر کو ہار پہنائے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں