ساہیوال میں بھی حضر ت امام حسین ؓ کا یوم شہادت مذہبی عقیدت واحترام سے منایاگیا‘ فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے

ہفتہ 22 ستمبر 2018 20:25

ساہیوال۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) حضر ت امام حسین ؓ کا یوم شہادت گزشتہ روز مذہبی عقیدت واحترام سے منایاگیا‘ فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق10محرم الحرام کی صبح8بجے انجمن حیدریہ رجسٹرڈ غلہ منڈی میں ماتمی جلوس نکالاگیا جو مختلف بازاروںسے ہوتا ہوا محلہ فرید گنج میں ختم ہوا۔یہاں سے نکلنے والے چھوٹے بڑے جلوس دوپہر کے وقت مرکزی امام بارگاہ قصر بتول سے برآمد ہونے والے علم ‘ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس میں شامل ہوئے جو مختلف بازاروںسے ہوتے ہوئے رات تقریباً 10بجے کر بلا مائی شاہ پہنچ کر ختم ہوئے۔

جلو س کے دوران مختلف مقامات پر شیعہ ذاکرین و علماء نے واقعہ کربلا پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس نے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے تھے ۔

(جاری ہے)

جلوس میں شامل ہونے والے عزاداروں کو واک تھرو گیٹ سے گزار کر جامہ تلاشی لی گئی ۔ خواتین کی تلاشی لیڈیز پولیس نے لی ۔10محرم کو ضلع بھر میں 61جلوس نکالے گئے جن میں اے کیٹیگری کے 12‘بی کیٹگری کی33 اورسی کیٹیگری کے 16جلوس شامل تھے جبکہ 12 مجالس منعقد ہوئیں ۔

جن میں اے کیٹیگری 1 ‘بی کیٹیگری 6 اورسی کیٹیگری کی 5مجالس شامل ہیں ۔جلوس کے دوران صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال ‘ڈپٹی کمشنرمیاں زمان وٹو ‘ ڈی پی او غلام مبشر میکن اور دیگر انتظامی افسران نے جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف ہدایات دیں ۔جلوس میں ریسکیو1122 کے اہلکار بھی ڈیوٹی دیتے رہے اور زخمی عزاداروں کو طبی سہولیات فراہم کیں۔ جلوس کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر غلام مبشر میکن نے محرم کے جلوس و مجالس پرامن اختتام ہونے پر الله تعالیٰ کاشکر اداکیا اور پولیس ڈیوٹی دینے والے افسران واہلکاران کو شاباش دی۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں