حکومت کنوکی بہتر پیداوار، کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے

صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت کا مٹیلہ میں سٹرس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 27 جنوری 2020 16:15

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت انصر مجیدخان نے کہا ہے کہ حکومت ہر شعبہ زندگی کے ساتھ ساتھ زراعت کے شعبہ میں بھی بہتری و بحالیہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، حکومت قومی سٹرس ڈے منانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ پوری دنیا میں سرگودھا کے منفرد اقسام اور ذائقے کے حامل کنوکی پہچان کروائی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ مومن کے علاقہ مٹیلہ میں سٹرس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ شاہینوں کاشہر سرگودھاکنوکی پیداوارکے لحاظ سے بھی دنیا میں مقام رکھتاہے اور پاکستان کا 90 فیصد سٹرس سرگودھا میں پیدا ہوتا ہے جبکہ یہاں سے 20 لاکھ ٹن سالانہ پیداوار ہوتی ہے اور روس اور وسطی ایشیاء سمیت دنیا بھر میں ایکسپورٹ بھی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر انصر مجید خان نے کہا کہ حکومت اس علاقہ میںسٹرس ریسرچ سنٹر بنانے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے تاکہ دنیا بھر سے زرعی ماہرین یہاں آکرسٹرس پر ریسرچ کریں اور اس پیداوارکو بڑھایا جاسکے، اس کے علاوہ حکومت کنوکی بہتر پیداوار، علاقہ کے کاشتکاروں کی فلاح وبہبود اور انہیں زرعی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں خوراک و زراعت پنجاب کے وزراء جلد سرگودھاکے سٹرس کے علاقوں کادورہ کریں گے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئرشیخ نے کہاہے کہ حکومت سٹرس کی پیداوار میں اضافے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے، سرگودھا سے سالانہ تقریباً 30 ارب روپے کا کنو پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے فعال کردارکرتا ہے، انہوں نے کہاکہ سٹرس فیسٹیول کا مقصد کنوکے کاشتکاروں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنا اور ان کی محنت کودنیاکے سامنے متعارف کروانا ہے۔ تقریب میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ اس موقع پر سٹرس میلہ میں گھوڑا ڈانس، لڈی سمیت کئی ثقافتی اشیاء کے سٹالز بھی لگائے گئے، مہمانوں نے مختلف سٹالزکا معائنہ کیا اور کاشتکاروں کی صلاحیتوں کوسراہا۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں