یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹرنل لنکجز کے زیر ِ اہتمام آگاہی سیمینار

جمعرات 25 اپریل 2024 18:04

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹرنل لنکجز کے زیر ِ اہتمام آگاہی سیمینار کا انعقا د کیا گیا جس میں بینگر یونیورسٹی، یوکے ایند ویلز کے کنٹری آفس نمائندگان نے طلبہ کو انٹرنیشنل سکالرشپس، سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام اور عالمی شراکت داری پر مشتمل تحقیقی منصوبوں کے بارے میں ا ٓگاہی دی۔

سیمینار میں بینگر یونیورسٹی کے کنٹری مینجرپاکستان آفس جاوید اقبال، یونیورسٹی آف سرگودھا کے سابق ایلومینائی عدنان حیات، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی نے کہا کہ تعلیم و تحقیق کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ کو بین الاقوامی تعلیمی مواقع کی فراہمی کیلئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹرنل لنکجز اس ضمن میں عملی اقدامات کرتے ہوئے یونیورسٹی آف سرگودھا اور عالمی شہرت یافتہ اداروں کے درمیان تعاون کو یقینی بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے سیمینار میں یونیورسٹی آف بینگر کے نمائندگان کی شرکت نہ صرف دونوں اداروں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کی طرف اشارہ کرتا ہے بلکہ اس بات کی نشاندہی بھی کرتا ہے کہ آنے والے سالوں میں تعاون اور سیکھنے کے باہمی مواقع پیدا ہوں گے۔

بینگر یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے طلبہ کو آگاہی دیے جانے کا یہ عمل بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے جذبہ کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اپنا تشخص عالمی سطح پر اجاگر کرنے، علم و تحقیق کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عالمی تقاضوں کے مطابق باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مشن پر گامزن ہے جبکہ تعاون کو عملی شکل دینے کیلئے یونیورسٹی سرگودھا اور بینگر یونیورسٹی کی جانب سے مشترکہ تعلیمی پروگرام شروع کرنے کے منصوبے کو زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔

جاویداقبال نے عالمی سطح پر باہمی تعاون کے فروغ، طلبہ و سکالرز کے یکساں تعلیمی تجربے کو تقویت دینے اور باہمی شراکت داری کے منصوبوں کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے بینگر یونیورسٹی کے عالمی شراکت داری کے دیرینہ عزم کا اظہار کیا اور تحقیق میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے کردار کو سراہا۔ اس دورہ کا مقصد دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان علمی تبادلوں، تحقیقی تعاون اور طلبہ کے باہمی تبادلہ کی جانب پیشرفت کرنا ہے۔

جاوید اقبال نے عالمی سکالرشپس حاصل کرنے کے طریقہ کار، تعلیمی کورسز اور تحقیقی پراجیکٹس کے حصول کیلئے درکار رہنمائی فراہم کی۔ عدنان حیات نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا ایلومینائی ہونے پر مجھے فخر ہے، اسی ادارے کی فراہم کردہ تعلیم تربیت کی بدولت بینگر یونیورسٹی جیسے عالمی ادارہ کے ساتھ وابستہ ہوں۔سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین نے طلبہ کی جانب سے کیے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں