سرگودھا کے قصبہ بھیرہ میں واپڈا ٹاسک فورس ٹیم کا چھاپہ‘ اسسٹنٹ کمشنر کے گھر کی ڈائریکٹ بجلی چوری کے الزام پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر واثق عباس ہرل معطل

جمعرات 23 مئی 2019 12:39

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2019ء) سرگودھا کے قصبہ بھیرہ میں واپڈا ٹاسک فورس ٹیم کے چھاپہ میں اسسٹنٹ کمشنر کے گھر کی ڈائریکٹ بجلی چوری کے الزام پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر واثق عباس ہرل کو معطل کر دیا گیا جس کی جگہ اسسٹنٹ کمشنر بھلوال وقاص احمد مارتھ کو اے سی بھیرہ کا اضافی چارج دے دیا گیا جو محکمہ مال میں بطور سب رجسٹرار سرگودھا بھی کام کر رہے ہیں۔

زرائع کے مطابق واپڈا سب ڈویڑن بھیرہ کی ٹاسک فورس ٹیم نے 16 مئی کو دوران چیکنگ اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ کے گھر پر چھاپہ مارا تو صارف اے سی واثق عباس ہرل کی واپڈا ایل ٹی لائن سے ڈائریکٹ تار لگا کر بجلی چوری پکڑی گئی جس پر ٹاسک فورس ٹیم نے موقع پر کاروائی کرتے ہوئے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی 40 گز تار اتار کر قبضہ سرکار میں لے لی اور رپورٹ بجلی چوری مرتب کر کے حکام کو رپورٹ کر دی جس پر سب ڈویڑن کے ایس ڈی او علی مرتضی نے تھانہ بھیرہ میں اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ واثق عباس ہرل کے خلاف زیر دفعہ 462 بجلی چوری کے اندراج کی درخواست جمع کروادی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی کے دورہ سرگودھا پر کیس سامنے آیاجس پر حکام نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ آفیسر کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا۔جس پر معطل اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ کی جگہ اسسٹنٹ کمشنر بھلوال کو اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا جو سرگودھا میں بطور سب رجسٹرار بھی کام کر رہے ہیں جبکہ پولیس معطل اسسٹنٹ کمشنر واثق عباس ہرل کے خلاف بجلی چوری کے الزام میں اندراج مقدمہ کے لئے مصروف تفتیش ہے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں