پی ایچ اے سرگودھا کے زیر اہتمام فلورا فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

منگل 23 اپریل 2024 21:54

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) سرگودھا کے زیر اہتمام فلورا فیسٹیول کا افتتاح کر دیا گیا،افتتاحی تقریب میں کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، ممبر صوبائی اسمبلی میاں اکرام الحق اور دیگر اہم افراد نے شرکت کی، معروف گلوکارہ نوراں لال کی شاندار پرفارمنس اور پھولوں کی نمائش سمیت فیسٹیول کے دیگر شعبہ جات میں بھرپور دلچسپی کا عنصر نمایاں رہا۔

تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر سرگودھا کے زیر اہتمام جشن بہاراں کی مناسبت سے سالانہ فلورا فیسٹیول کا انعقاد عمل میں آگیا۔ کمشنر سرگودھا محمداجمل بھٹی نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی اور ممبر صوبائی اسمبلی میاں اکرام الحق کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر فلورا فیسٹیول 2024 ء کا افتتاح کیا اور میلہ کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لے کر پی ایچ اے کے اقدامات کو سراہا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے توقیر حیدر کاظمی، ڈائریکٹر فاروق حیدر عزیز، ڈپٹی ڈائریکٹر شفیق الرحمن نیازی اور ڈپٹی ڈائریکٹر غزالہ کنول نے پی ایچ اے ٹیم کے ہمراہ مہانان گرامی کا استقبال کیا، افتتاحی تقریب میں بھرپور فائر ورکس کو عوام نے بہت زیادہ پسند کیا، میوزیکل، میجک اور ورائٹی شو میں بھی عوامی دلچسپی دیدنی تھی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی نے کہا کہ میلوں کا انعقاد ہماری علاقائی تہذہب و ثقافت کا حصہ ہے اور ہم ان روایات کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے کہا کہ عوام کو مثبت تفریحی سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے فلورا فیسٹیول کے نام سے پی ایچ اے کی عملی کاوشیں مثالی رہیں ،ہمیں یقین ہے کہ لوگ اس میلہ کو اپنی فیملیز کے ساتھ بھرپور انجوائے کریں گے۔ ممبر صوبائی اسمبلی میاں اکرام الحق نے کہا کہ فلورا فیسٹیول کے انعقاد کے حوالہ سے پی ایچ اے کے گراں قدر اقدامات لائق تحسین ہیں اور ایسے میلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے تاکہ اس گھٹن زدہ ماحول میں عوام کو تفریحی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے۔

ڈی جی پی ایچ اے توقیر حیدر کاظمی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے احکامات، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر محمد اجمل بھٹی کی سرپرستی میں عوام کو مثبت تفریحی سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے ہنگامی بنیادوں پر مصروف عمل ہیں اور یہ سلسلہ اسی طرح جاری رکھیں گے۔ فلورا فیسٹیول بالخصوص اسٹیج پرفارمنس میں عوامی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یہاں سرگودھا ڈویژن کے ٹیلنٹ کو پرموٹ کیا جائے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں