پاکستان ایک زرعی ملک ہے جہاں کسانوں کو ان کے جائز حق نہیں مل رہا، راؤ عبدالقیوم

بدھ 1 مئی 2024 13:12

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) جمعیت علماء اسلام(ف) کے صوبائی نائب صدر راؤ عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جہاں کسانوں کو ان کے جائز حق نہیں مل رہا اور سرکار کی سرپرستی میں آڑھتی مافیا ان کا استحصال کررہا ہے اور حکومت خاموش کردار ادا کر رہی ہے۔زرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام پنجاب کے صوبائی نائب صدر راؤ عبدالقیوم نے کسان کے حقوق پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی کٹائی کا موسم ہے اور حکومت نے گندم کی امدادی قیمت گزشتہ سال سے کم مقرر کردی ہے اس لئے حکومت 3900 روپے سے گندم کی خریداری کی قیمت میں اضافہ کر کیکسانوں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ دیا جائے۔

راؤ عبدالقیوم نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کے جائز مطالبات پورے کر کے انہیں ان کی محنت کا جائز حق دیا جائے، کیونکہ گندم کی امدادی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں کم مقرر کر کے کسانوں کے استحصال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ زراعت کے اخراجات میں اضافے، بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور کھاد کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے باوجود گندم کی قیمت میں اضافہ نہ کرکے اور کسانوں کے جائز مطالبات پورے نہ کرکے حکمران زراعت اور زراعت سے وابستہ عوام پر ظلم کے مرتکب ہورہے ہیں۔اس لئے جمعیت علماء اسلام پاکستان بھر کے کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے جائز مطالبات پورے ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں