سرگودہاکو کچہ کے علاقہ میں تبدیل کرنے والے اظہرالمعروف جگاگینگ نے عوام کا جینا محال کردیا

پیر 13 مئی 2024 17:27

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) سرگودہا کی تحصیل سلانوالی اور شاہ نکڈرمیں اشتہاری اظہرالمعروف جگاگینگ نے عوام کا جینامحال کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اشتہاری اظہر المعروف جگاگینگ کے ملزمان نے چک 163شمالی کے رہائشی محمد نوازکے بیٹے 17 سالہ میرعبداللہ کو تاوان کی غرض سے بمعہ گاڑی اغواء کرلیا۔جس پرچک 163شمالی کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے جھنگ سرگودہا روڈ کو بلاک کردیااوربچے کی بازیابی کے لیے نعرہ بازی کی۔

اس موقع پرمغوی بچے کے والدین اورعلاقہ مکینوں کا کہناتھاکہ متعددبار15پرپولیس کواطلاع دی گئی لیکن چونکہ ملزمان کو پولیس کی سرپرستی حاصل ہے جس کے باعث اُن کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس پر مقامی لوگوں نے اپنی مددآپکے تحت مغوی بچے کو ملزمان کے چنگل سے آزادکروایا۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ خوف کی علامت بننے والے گینگ کا سرغنہ اشتہاری اظہر المعروف جگا ہے جس کے دیگر ارکان میں وقاص عرف وکی، صابر عرف صابری، عالمگیر،نواب خان، شہریارخان،اجمل، رحمت اللہ خان سکنہ ہائے چک165شمالی شامل ہیں۔

ان کا مزید کہناتھاکہ ملزمان نے نہ صرف جھنگ اورسرگودہاکے علاقوں کو جرائم کی آماجگاہ بنایا ہوا ہے بلکہ انہوں نے مختلف جگہوں پر منشیات کے اڈے بھی بنا رکھے ہیں جن کی منتھلی رشوت تھانہ شاہ نکڈرپولیس کو جاتی ہیں۔ علاقہ مکینوں کا مزید کہناہے کہ جو بھی بندہ اُنکے خلاف آواز اُٹھاتاہے اُسکو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں اور اُنکے خلاف جھوٹی ایف آئی آرزدرج کرواکراُنکو بلاوجہ تنگ کیا جاتا ہے۔

علاقہ مکینوں کی مددسے چند روز قبل 163شمالی کے نمبردار نے اس گینگ کے چند افرادکو پکڑ کر پویس کے حوالے کیاتھا لیکن تھانہ شاہ نکڈر پولیس نے ملزمان کو چھوڑ دیاجس کے بعد ملزمان نے دوسرے روز نمبردارکے بیٹے مخدوم شاہ کمیر پرقاتلانہ حملہ کیاجس میں وہ بال بال بچ گئے ۔مزید برآں عدالت سے ملزمان کی ضمانتیں بھی خارج ہوچکی ہیں۔اس موقع پر علاقہ مکینوں کا کہناتھاکہ سرگودہا اورجھنگ کی باؤنڈری ہونے کی وجہ سے تھانہ شاہ نکڈر اورتھانہ قادر پور کی حدبندی کی وجہ سے سائلین خوار ہوجاتے ہیں جسکافائدہ اظہر المعروف جگاگینگ اُٹھاررہا ہے۔علاقہ مکینوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب آئی جی پنجاب، آر پی او اورڈی پی او سرگودھاسے ملزمان کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں