رورل ہیلتھ سنٹر جھاوریاں میں کم عمری کی شادی کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی ورکشاپ

ہفتہ 18 مئی 2024 18:03

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) رورل ہیلتھ سنٹر جھاوریاں تحصیل شاہ پور میں گزشتہ روز محکمہ صحت سرگودھا نے پودا آرگنائزیشن اسلام آباد کے اشتراک سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد کم عمری کی شادی کی روک تھام اور صحت کے مسائل کے حل بارے لوگوں کو آگاہ کرنا تھا۔ چیف ایگزیکٹرآفیسر ہیلتھ سرگودھا ڈاکٹر اسلم اسد نے لیڈی ہیلتھ ورکرز اور کمیونٹی کے لوگوں کو لڑکیوں کی کم عمری شادی بارے پیغام گھر گھر پہنچانے بارے آگاہ کیا۔

انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو کم از کم انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کرنی چاہیے تاکہ انہیں زندگی گزارنے، رشتے نبھانے اور زندگی کے مسائل حل کرنے کا شعور آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبادی کی بڑھتی ہوئی رفتار سے پاکستان دنیا کا آبادی کے لحاظ سے پانچواں ملک ہے اور اس کی وجہ کم عمری کی شادی کا رجحان ہے۔

(جاری ہے)

کم عمری کی شادی کے حوالے سے کنسلٹنٹ قیصرہ اسماعیل نے کہا کہ ایک صحتمند ماں ہی صحتمند معاشرہ تخلیق کرتی ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ بچیوں کی کم سنی میں شادی سے پرہیز کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کم پڑھے لکھے خاندانوں میں بچیوں یا بچوں کی شادی بہت کم عمر میں کرنے کا رواج ہے جس سے والدین اور کم سن میاں بیوی دونوں صحت و معیشت کے متعدد مسائل کا شکار رہتے ہیں۔ اس سے پیدا ہونے والے بچوں کی صحت، تعلیم اور نشوونما بھی متاثر ہوتی ہے۔ ورکشاپ میں ڈپٹی DHO شاہپور ڈاکٹر عدنان اصغر، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مختار، تحصیل پاپولیشن آفیسر بھلوال رانا قیصر اور ریٹائرڈ ڈائریکٹر فشریز مہر محمد اسماعیل نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام احباب نے کم عمری کی شادی، صحت کے مسائل، سماجی مسائل اور ان کے حل پر سیمینار سے خطاب کیا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں