سرگودھایونیورسٹی میں 20ویں سالانہ سپورٹس گالا اور 45 ویں آل پاکستان فٹ بال چیمپئن شپ کی سرگرمیاں شروع ہوگئیں

بدھ 24 اپریل 2024 14:55

سرگودھایونیورسٹی میں 20ویں سالانہ سپورٹس گالا اور 45 ویں آل پاکستان فٹ بال چیمپئن شپ کی سرگرمیاں شروع ہوگئیں
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) سرگودھایونیورسٹی میں 20ویں سالانہ سپورٹس گالا اور 45 ویں آل پاکستان فٹ بال چیمپئن شپ کی سرگرمیاں شروع ہو گئیں جس کے لئے منعقدہ تقریب میں ممبر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر انوار الحق گیلانی نے کہا کہ کھیل کسی بھی طالبعلم کی تعلیمی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ کھیلوں میں حصہ لینے والے طلبہ میں وقت کی پابندی، نظم و ضبط،یکسوئی، باہمی تعاون، مل کر کام کرنے،چست دماغی اور مستعدی جیسی عادات مستقل طور پر رہتی ہیں اور تعلیم کے میدان میں کام آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن جامعات میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے اور طلبہ کو کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کے بھرپور مواقع دیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ ذہنی و جسمانی طور پر صحت مند معاشرہ کی تشکیل کیلئے کھیلوں کو فروغ دینا ہوگا جبکہ یونیورسٹی اپنے طلبہ کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں مشغول رکھنے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سالانہ سپورٹس گالا طلبہ میں ہمت،حوصلہ،مثبت ذہنیت اورجوش و ولولہ کے ساتھ مقابلہ کے جذبات کو مجسم کرتا ہے۔انہوں نیکہا کہ ہمیں ان اقدار پر غور کرنا چاہیے جو کھیل ہم میں پیدا کرتے ہیں جن میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، استقامت اور منصفانہ کھیل کی اقدار شامل ہیں، یہ اقدار ہمیں نہ صرف اچھا کھلاڑی بلکہ ذمہ دار شہری بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں سٹیٹ آف دی آرٹ بین الاقوامی طرز کا جمنیزیم تعمیر کرنے،ان ڈور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی اور کھیل کے میدانوں میں فلڈ لائٹس کی تنصیب جیسے پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔اس موقع پر پنجاب بھر کے نامور کھلاڑیوں نے نیزہ بازی کا مظاہرہ کیا جبکہ طلبہ نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔یونیورسٹی آف سرگودھا کے بیسویں سالانہ سپورٹس گالا میں تمام شعبہ جات کے طلبا وطالبات حصہ لے رہے ہیں۔ اس سپورٹس گالا میں کرکٹ،فٹ بال، شوٹنگ بال، باسکٹ بال، ہینڈ بال،شترنج، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، ایتھلیٹکس اور رسہ کشی کے مقابلے جاری ہیں

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں