سندھ ، کچے میں آپریشن کے دوران پولیس اہلکار ڈاکوؤں کا مخبر نکلا

پولیس اہلکار صلاح الدین مہر نے پولیس کے راز فاش کیے، اہلکار ڈاکوؤں کو پولیس کی نقل و حرکت کی پیشگی معلومات فراہم کرتا رہا۔ ایس ایس پی شکار پور تنویر تنیو کا انکشاف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 جولائی 2021 18:26

سندھ ، کچے میں آپریشن کے دوران پولیس اہلکار ڈاکوؤں کا مخبر نکلا
شکارپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) صوبہ سندھ کے کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران پولیس اہلکار ڈاکوؤں کا مخبر نکلا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں کے خلاف کچے میں کیے جانے والے آپریشن سے متعلق ایس ایس پی شکارپور نے انکشاف کیا ہے کہ پولیس اہلکار صلاح الدین مہر نے پولیس کے راز فاش کیے ، اہلکار ڈاکوؤں کو پولیس کی نقل و حرکت کی پیشگی معلومات فراہم کرتا رہا جس کی بناء پر مذکورہ پولیس اہلکار کو نوکری سے برطرف کیا گیا ہے اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے۔

خیال رہے کہ شکارپور آپریشن کے دوران بھی یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ محکمہ پولیس میں کالی بھیڑیں موجود ہیں جو کہ ڈاکوؤں کو پولیس کی پیشگی اطلاعات فراہم کرتی ہیں جس کے باعث شکارپور میں کچے کے علاقے گڑھی تیغو میں ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 3 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

کچے کے آپریشن کے دوران سینئر صحافی اطہر کاظمی نے دعویٰ کیا کہ ڈاکووں سے پولیس کو مروا رہے ہیں ، رینجر نہ بلوانے کی وجہ یہ ہے کہ اگر ڈاکوؤں کو رینجر نے پکڑ لیا تو ڈاکو سب سچ بتا دیں گے کہ ان کی پشت پناہی کون کرتا ہے جب کہ پولیس کی طرح رینجر سے اپنے بندے نہیں چھڑوائے جاسکتے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ توجہ ہٹانے کے لیے پانی کو بہانہ بنا کر نسلی اور صوبائی تعصب کی سیاست شروع کردی گئی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے کہا کہ کچے کے علاقے میں بھی آئیں ، انہیں یا حکومت سندھ کو سیخ رشید احمد کی آمد سے متعلق متعلقہ حکام میں سے کسی نے بھی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو آنا ہے تو ضرور آئیں اور شیخ رشید کچے کے علاقے میں بھی آئیں۔

شکارپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں