شکار پور ، قبائلی تنازعے پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2خواتین سمیت3افراد جاں بحق

فائرنگ کے واقعہ میں ایک بچہ بھی زخمی ہوگیا،جاگن میں بھیو اور معرفانی قبیلے میں پرانا خونی تنازع چل رہا ہے جس کی بنا پر حملہ کیا گیا،پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 26 اپریل 2024 11:39

شکار پور ، قبائلی تنازعے پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2خواتین سمیت3افراد جاں بحق
شکار پور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اپریل2024 ء) سندھ کے علاقے شکار پور میں مسلح افرار نے زمین پر کام کرنے والے افراد پر حملہ کر دیا،2خواتین سمیت 3افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا،جدید ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کی جس سے کام کرنے والے افراد کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں و لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جاگن میں بھیو اور معرفانی قبیلے میں پرانا خونی تنازع چل رہا ہے جس کی بنا پر حملہ کیا گیا، ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقتولین کے ورثاءکا کہنا تھا کہ ہم کام کررہے تھے کہ اچانک ہم پر دہشت گردوں کی طرح حملہ کیا گیا اور ہماری خواتین کو بھی قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ گروہی تصادم سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں ہے۔

متاثرہ خاندان نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا سختی سے نوٹس لے کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز لکی مروت میں تھانہ غزنی خیل کی حدود میں دو گروپوں میں خونی تصادم کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ مقتولین میں اشتہاری ملزمان زاہد اللہ اور احسان اللہ بھی شامل تھے۔پولیس کا کہنا تھاکہ لکی مروت میں عمران خان اور احسان اللہ نامی دو فریقین کے درمیان دشمنی تھی اور گزشتہ رات کو شادی میں محفل موسیقی میں آمنا سامنا ہوا تو ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

پولیس کا مزید کہنا تھاکہ فائرنگ سے محفل میں بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔جاں بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال منتقل کر دیا گیاتھا۔فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں میں عزیر، احسان، عمران، زاہد اللہ، فیضان بھی شامل تھے ان افراد کا تعلق گاو¿ں بہرام خیل اور تری خیل سے بتایا گیاتھا۔

شکارپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں