ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈاکٹر وقار علی خان کی زیر صدارت جنرل الیکشن 2024 کے شفاف ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لۓ انتظامات کا جائزہ لینے کے لۓ اجلاس

Akhtar Rasool Janjua اختر رسول جنجوعہ جمعہ 29 دسمبر 2023 15:24

 شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 دسمبر2023ء) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ آفس میں منعقدہ اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عمران ظفر ، ریٹرننگ افسران ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن اور  متعلقہ محکموں کے افسران نے  شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع شیخوپورہ میں قومی اسمبلی کے 4 حلقوں کے لۓ 4 ریٹرننگ افسران ، 8 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران جبکہ صوبائی اسمبلی کے 9 حلقوں کے لیے 9 ریٹرننگ افسران اور 18 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اپنے فرائض سر انجام دیں گی۔

ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈاکٹر وقار علی خان نے ریٹرننگ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں ، پولنگ سٹاف کی ٹریننگ ، عملہ کی تعیناتی ، پولنگ سٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی ، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کیلئے فوری جامع پلان مرتب کیا جاۓ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ شفاف ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے ، جس کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر/ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا ہے کہ تمام ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران عام انتخابات 2024 میں اپنے فرائض ایمانداری ، وفاداری اور غیر جانبدار ہو کر الیکشنز ایکٹ 2017 ، الیکشن رولز 2017 اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق بغیر کسی طرف داری ،  جھکاؤ اور بد نیتی کے بلا خوف و خطرہ سر انجام دیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔

انتخابات کے عمل کو صاف شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لیے تمام افسران انتہائی ذمہ داری سے آئینی فرائض انجام دیں۔ تمام افسران الیکشن کمیشن کی پالیسی اور گائیڈ لائنز پر عمل درامد کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کہ دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ ڈپٹی کمشنر/ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈاکٹر وقار علی خان نے  ضلع شیخوپورہ کے تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے  ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کے افسران کے ساتھ مربوط رابطہ استوار رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر/ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

شکارپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں