ملک میں سیاسی استحکام نہ آیا تو معاشی استحکام خواب رہ جائے گا، خواجہ آصف

معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، سیاسی جماعتوں کی شراکت داری جمہوری عمل کا حصہ ہے۔ لیگی رہنماء کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 18 فروری 2024 14:15

ملک میں سیاسی استحکام نہ آیا تو معاشی استحکام خواب رہ جائے گا، خواجہ آصف
سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری 2024ء ) مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام نہ آیا تو معاشی استحکام خواب رہ جائے گا، معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، سیاسی جماعتوں کی شراکت داری جمہوری عمل کا حصہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف پارٹیاں ماضی کے بیان سے انحراف کررہی ہیں اور ایک ایسا منظر نامہ سامنے آرہا ہے کہ عوام مستقبل میں ان سے مایوس ہوں گے، عوام میں سیاسی برادری کی ساکھ خراب ہے اور یہ رویے اس ساکھ کو مزید مجروح کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن نے سادہ اکثریت حاصل کی ہے، ہم اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں اور اس کا عمل شروع ہوچکا ہے جہاں تک وفاق کا تعلق ہے تو سنا ہے کہ کل شام کچھ پیشرفت ہوئی ہے، معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، اگر سیاسی استحکام نہیں آیا تو معاشی استحکام خواب رہ جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ کمشنر کا الیکشن کے عمل سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے، کمشنر صاحب نے جو بات کی اس کی حقیقت شام تک سب کے سامنے تھی، پہلے دو چار گھنٹے بعد ہی ان کے مقاصد سامنے آگئے تھے، الیکشن کمشن نے اس کیس کا نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی بنالی ہے اور 3 دن میں رپورٹ آجائیگی تو اس پر بات کرنا غیر مناسب ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ الیکشن پروسس کا سارا کنڑرول ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر کے ذمے ہوتا ہے، کمشنر کا بالواسطہ تعلق ہوسکتا ہے لیکن براہ راست ان کا الیکسن کے عمل سے کوئی تعلق نہیں، کمشنر راولپنڈی کا بیک گراؤنڈ بھی سامنے آچکا ہے، وہ اس سب میں 9 دن کیوں خاموش رہے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں