عوام کو پینے کے صاف پانی کی بلا معاوضہ فراہمی ایک عبادت کا درجہ رکھتی ہے، ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ

پیر 23 نومبر 2020 16:47

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) وطن عزیز کے ممتازصنعت کار و ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ لمیٹڈ(سیال) شیخ محمد جہانگیر اقبال نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی بلا معاوضہ فراہمی ایک عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ان کا ادارہ سلور سٹار اس سلسلے میں ملک بھر میں 36جدید ترین فلٹریشن پلانٹ نصب کر چکا ہے جن سے بہت بڑی تعداد میں لوگ صاف پانی کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے مین گیٹ پر نصب کئے جانے والے فلٹریشن پلانٹ کی انتہائی سادگی سے منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمپنی سیکرٹری سیال محمد جہانگیر خان، اسٹیشن ائر ٹریفک آفیسر میاں شاہد عمران، جنرل منیجر ایچ ایس ای سلور سٹار عابد عظیم، منیجر تعلقات عامہ سیال عبدالشکورمرزا، منیجر انٹرنل آڈٹ سیدنعیم عباس،چیف ایگزیکٹو آفیسراعوان فلٹرہاؤس محمد علی بٹ،اسسٹنٹ منیجر کسٹمرسروسز عدنان حمید خلیل اور دیگر حکام موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سیال شیخ محمد جہانگیر اقبال نے کہا کہ انہیں ہر پلانٹ کو چالو کرتے ہوئے جو روحانی سکون ہوتا ہے اسے وہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔ا نہوں نے اپنی طرف اور کی فیملی کی طرف سے یہ صدقہ جاری مزید علاقوں تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ جبکہ سیالکوٹ ائرپورٹ کے مین گیٹ پر اپنے ادارے کی طرف سے اپنے عزیز و اقارب کا انتظار کرنے والے افراد کے لیے نشستوں اور شیڈ کا انتظام کرنے کا بھی اعلان کیا۔

شیخ محمد جہانگیر اقبال نے کمپنی سیکرٹری محمد جہانگیر خان کی طرف سے چکوال،منیجر انٹرنل آڈٹ سیدنعیم عباس کی طرف سے سرگودھا اور منیجر تعلقات عامہ سیال عبدالشکورمرزا کی طرف سے ڈھلے والی ہیڈمرالہ میں فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کی درخواست پر ہمدردانہ غور کرنے کا وعدہ بھی کیا۔اس موقع پر مولانا قاری ظفر محمود نورانی نے دعا کراوئی جبکہ شیخ محمد جہانگیر اقبال نے ٹوٹی سے پانی چلا کر پلانٹ کا رسمی طور پر افتتاح کیا۔

چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید، وائس چیئرمین چودھری محمد افضل شاہین اور چیف ایگزیکٹو آفیسرمسٹر بابر اقبال نے ڈائریکٹر سیال شیخ محمد جہانگیر اقبال کی طرف سے ائر پور ٹ کے مین گیٹ پر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کروانے پر ان کا شکر یہ ادا کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ نیکی اور بھلائی کے اس منصوبے کو جاری رکھیں گے اور لوگوں کی دعائیں سمیٹنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں