خیرپور یونیورسٹی میں پاک فوج سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد،پاک فوج کی حمایت میں نعرے

ہفتہ 27 مئی 2023 18:52

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2023ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ینگ پیس ڈویلپمنٹ کور کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی،شرکانے پاک فوج کی حمایت میں نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت وائسچانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کہا کہ ہمارا ملک مسلح افواج کی بدولت محفوظ ہے ،یہ ادارہ متحد اور منظم ہے جس کے نتیجے میں ہمارا ملک اور قوم مکمل طور پر مسلح افواج کے ذریعے محفوظ ہے، جنگ اور امن کے دنوں میں پاک افواج نے کلیدی کردار ادا کیا، دہشت گردوں، شرپسندوں اور باغیوں کے خلاف جنگ کے دوران ہزاروں فوجی جوان اور افسران شہید ہوئے۔

ڈاکٹر ابوپوٹو نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم مسلح افواج کے ہیروز کا احترام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوں گے تو ہمارے صوبے صحیح طریقے سے عوام کی خدمت کرسکیں گے۔ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور ریلی کے آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری نے مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا،9 مئی کا سانحہ انتہائی قابل ِمذمت اور افسوسناک تھا کیونکہ شرپسند عناصر نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی،شرپسندوں نے جناح ہاؤس، پشاور ریڈیو اسٹیشن پر حملہ کیا حتیٰ کہ قومی ورثے کو بھی نذر آتش کیا گیا، شرپسندوں کی جانب سے حساس فوجی تنصیبات پر بھی حملہ کیا گیا، یہ کارروائیاں بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں۔

ڈاکٹر لاشاری نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کی حفاظت ، علاقائی سالمیت اور نگرانی کے لیے شاندار خدمات انجام د ے رہی ہے، ریاست کی سلامتی کی مضبوطی وقت کی اہم ضرورت ہے۔پروفیسر ڈاکٹر سجاد علی رئیسی ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز نے پاک فوج کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فوج ملک کی دفاعی لائن کے طور پر عالم اسلام کی سب سے بڑی فوج ہے، ہم مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہیں، سوائے چند مٹھی بھر شرپسندوں کے ہم بحیثیت قوم پاک فوج کے ساتھ متحد ہیں ۔

ڈاکٹر علی رضا لاشاری انچارج اسٹوڈنٹس سوسائٹیز سینٹر نے خطاب کرتے ہوئے ریلی منعقد کروانے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو کا شکریہ ادا کیا۔ یکجہتی ریلی میں پروفیسر ڈاکٹر مینہوں خان لغاری وائیس چانسلر کے مشیر برائے اکیڈمکس، پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی چانڈیو، ڈاکٹر عنایت اللہ بھٹی،مشتاق علی خاصخیلی اور ملازمین اور طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں