سکھر میں عیدالاضحی کے موقع پر بغیر این او سی قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد

جمعرات 16 اگست 2018 01:00

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ضلع سکھر میں عیدالااضحی کے موقع پر بغیر این اوسی کے قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے اور بغیر اجازت نامے کے مویشی منڈیاں قائم کرنے پر مکمل طور پر پابندی لگادی گئی ہے جس پر مکمل عملدرآمد کرایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو نے اپنے آفس کے کانفرنس روم میں ضلع سکھر میں عیدالاضحی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس میں میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ سمیت رینجرز، پولیس، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں اور محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی سکھر نے اجلاس میں کہا کہ صرف مستند مویشی منڈیوں میں ہی جانوروں کی فروخت کی اجازت ہوگی جبکہ قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشہور ومعروف اور مستند فلاحی اداروں کو بھی کھالیں جمع کرنے سے قبل ضلعی انتظامیہ سے اجازت نامہ لینا ہوگا، کسی کو بھی کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے یا لاؤڈ اسپیکر لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ ضلع سکھر میں عیدالاضحی کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے سیکیورٹی کے انتظامات سخت کئے جائیں اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے تا کہ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں۔

اسی طرح مساجد ، امام بارگاہوں اور عوامی اجتماع کے مراکز کی حفاظت کے لئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو نے میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی اوجڑیاں اور دیگر آلائشیں تلف کرنے کے مناسب انتظامات کرتے ہوئے تعلقوں میں مخصوص جگہوں پر گڑھے کھودے جائیں جبکہ چونے کا بھی سٹاک وافر رکھا جائے جبکہ محلے کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کا بھی مناسب انتظام کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اوجڑی اور دیگر آلائشیں نہ اٹھانے اور دیگر شکایات ڈسٹرکٹ کنٹرول روم میں کی جا سکتی ہیں۔ ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو نے کہا کہ بغیر اجازت نامے کے کوئی بھی مویشی منڈی نہیں چلنے دی جائے گی اور کسی کو بھی شاہراہوں پر جانور فروخت کرنے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ اس ضمن میں ایس ایس پی سکھر کو خصوصی کوششیں بروئے کار لانا ہوگی ۔

ڈی سی سکھر نے لائیف اسٹاک افسر کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں لائے گئے جانوروں کا ریکارڈ رکھا جائے اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے جبکہ مویشی منڈیوں کے باہر اجازت نامہ آویزاں کرنا ضروری ہے۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اجلاس کو بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے ڈی ایس ریلویز کے سامنے گراؤنڈ میں اور ڈگری کالج کے باہر مویشی منڈیاں لگائی گئی ہیں ، بیوپاری شاہراہوں پر جانور فروخت کرنے سے گریز کریں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں