ضلعی انتظامیہ خیرپور ،محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر تنظیموں کی جانب سے بزرگوں کا عالمی دن کے سلسلے میں واک کا اہتمام

بدھ 28 اکتوبر 2020 21:56

سکھر۔28اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2020ء) :ضلعی انتظامیہ خیرپور ،محکمہ سوشل ویلفیئر اور ضلع کی دیگر تنظیموں کے مشترکہ تعاون سے بزرگوں کا عالمی دن منانے کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ظفر عباس عباسی کی قیادت میں سوک سینٹر سے پریس کلب خیرپور تک ایک واک کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر اے ڈی سی ٹو نے کہا کہ آج اس واک کا مقصد بزرگوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا اور انکے جائز حقوق کے بارے میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنا ہے اس ضمن میں حکومت سندھ کی جانب سے سٹیزن ایکٹ 2014 بھی تیار کیا گیا ہے جس کے تحت بزرگوں کو علاج معالجے، ٹرانسپورٹ، بینکس اور ہسپتالوں میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام بھی بزرگوں کی تعظیم و احترام کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں نبی کریم ﷺکی حدیث ہے کہ جس نے میری امت کے بزرگوں کی عزت کی اس نے میری عزت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ضلع میں موجود تمام سماجی تنظیمیں بزرگ شہریوں کے حق کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد حسین ابڑو نے کہا کہ ہم اپنے بزرگوں کی کی گئی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے ہمیں چاہیے کہ بزرگوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور دفاترمیں بھی انکی رہنمائی کے لئے الگ سے ڈیسک قائم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جو بزرگ شہری کسی بیماری کا شکار ہو کر اپنے گھروں تک محدود ہیں انکی صحت کے حوالے سے اسپیشل پیکیجز دیئے جائیں انکو گھروں کی دہلیز پر دوائیں فراہم کی جائیں اور ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے کہ انکو ہسپتال آنے کی ضرورت نہ پڑے۔اس موقع پر ناز پائلٹ اسکول کے ہیڈ ماسٹر عبداللہ جانوری، ڈسٹرکٹ مینیجر ہینڈز حیدر علی جتوئی، ڈسٹرکٹ مینیجر سرسو خادم شر، روٹرین شجاعت صدیقی، این ڈی ایس پی کنوینر عنصر سندھو، جنرل سیکریٹری نارا رورل ڈویلپمنٹ صابر مہیسر،ایس ڈی ڈی پی آئی کے ظہیر انصاری ، بھٹائی سوشل ویلفیئر کے خادم میرانی، ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر شجاع الحسن، محکمہ تعلیم، روینیو، اسکائوٹس، میونسپل اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران ،اسکولوں کے طلبا اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

واک میں موجود شرکاء نے پلے کارڈ  اٹھارکھت تھے جن پر " ہمارے بزرگ ہمارے رہبر "اور "بزرگوں کا احترام کریں‘‘ درج تھا۔قبل ازیں اےڈی سی ٹو نے ہینڈز، سرسو، الخدمت فائونڈیشن، شفاء فائونڈیشن اور دیگر تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کیا اور اسٹالز میں موجود  ماسک، سینیٹایئزز اور صابن  تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں