27 مئی تک سکھر ڈویژن ہیٹ ویو کی زد میں رہے گا اس لیے شہری غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں،کمشنر سکھر

ہفتہ 18 مئی 2024 23:16

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی نے شہریوں کو ہیٹ ویو الرٹ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ 21 سے 27 مئی تک سکھر ڈویژن ہیٹ ویو کی زد میں رہے گا اس لیے شہری غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، خاص طور پر بزرگ شہریوں اور بچوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ کمشنر سکھر ڈویزن فیاض حسین عباسی نے ان خیالات کا اظہار تمام ڈی سیز، ڈی ایچ اوز، پولیس، ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ ہیٹ ویو اور ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس نے ڈویزن کے تینوں ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ ضلعی افسران کو ضروری اقدامات کو یقینی بنانے اور ہسپتالوں اور مراکز صحت میں گرمی کی لہر سے متاثرہ افراد کے لیے خصوصی وارڈز مختص کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر نے ڈویزن کے تینوں اضلاع خیرپور، سکھر اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ شدید گرمی کے دوران پہلے سے قائم ہیٹ اسٹروک سینٹرز میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ اسپتالوں میں مریضوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کمشنر نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ ڈاکٹروں اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بناتے ہوئے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق عوام میں آگاہی پھیلانے کے لیے خصوصی مہم چلائیں۔ کمشنر سکھر ڈویزن نے سکول انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرسٹ ایئر اور انٹر کے سالانہ پرچے 21 مئی سے شروع ہو رہے ہیں گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے امتحانی مراکز کے اندر فرسٹ ایڈ رومز قائم کیے جائیں، اسکولوں کے اندر پینے کے ٹھنڈے پانی سمیت صفائی کا خیال رکھا جائے جبکہ کلاس رومز میں پنکھوں اور بجلی کا مناسب انتظام کیا جائے۔

انہوں نے اسکول انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بچوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے لیے بھی ضروری انتظامات کیے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر ایم بی دھاریجو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے شہری زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں، سایہ دار جگہ پر رہیں، غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور باہر نکلیں تو سر کو کپڑے سے ڈھانپیں۔

ڈی سی سکھر نے بتایا کہ ضلع سکھر میں 4 ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کیے گئے ہیں اور دیگر پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف 11 مقامات پر 1122 ایمبولینسز تعینات کی گئی ہیں جہاں پر ابتدائی طبی امدادی کیمپ بھی لگایا جا رہا ہے۔ کمشنر سکھر ڈویزن نے خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ آج شام تک ضلع کے مختلف افسران سے ملاقات کرکے ہیٹ اسٹروک مراکز پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع کانٹیجنسی پلان تیار کریں۔

کمشنر سکھر ڈویزن فیاض حسین عباسی نے سیپکو کے اعلیٰ حکام کو گرمی کی لہر کے دوران لوڈشیڈنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی جبکہ 21 مئی سے ہونے والے سالانہ امتحانات کے دوران صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک سکول کے فیڈرز میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت دی۔ کمشنر سکھر نے محکمہ اطلاعات کے حکام پر زور دیا کہ وہ الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا، سوشل میڈیا، ایف ایم اور ریڈیو پر خصوصی پیغامات نشر کریں تاکہ عوام کو گرمی کی لہر اور ہیٹ اسٹروک کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے اور 21 سے 27 مئی تک گرمی کی لہر سے بچایا جا سکے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں