پیپلز پارٹی ایک ملک گیر جماعت ہے ،آئندہ حکومت پی پی ہی بنائے گی،سید محمدعلی شاہ

کاغذی جماعتوں کا حشر عوام دیکھ رہے ،پی ٹی آئی کے کارکن قابل فخر ہیں، انکی لیڈرشپ ہر نئے روز تھوک کے حساب سے معافیاں مانگ رہے ہیں،مشیروزیراعظم

اتوار 4 جون 2023 20:50

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر سید محمد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک ملک گیر جماعت ہے اور ائندہ حکومت پیپلز پارٹی ہی بنائے گی،کاغذی جماعتوں کا حشر عوام دیکھ رہے ہیں ،پی ٹی آئی کے کارکن قابل فخر ہیں مگر انکی لیڈرشپ ہر نئے روز تھوک کے حساب سے معافیاں مانگ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پیپلز پارٹی کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کے دوران کیا،جس میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے سابق رہنماء کامران خان نے ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔تقریب سے سابق صوبائی صدر ہمایون خان، ڈویژنل صدر عمر فاروق خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد آ فریدی، سابق ایم این اے عثمان خان ترکئی،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات گوھر انقلابی، ضلعی صدر علی خان، محمد نعیم خان، ڈویژنل جنرل سیکرٹری جاوید اقبال انقلابی، بلنداقبال خان ترکئی، ضلعی جنرل سیکرٹری اشفاق خان اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن دیگر جماعتوں کی طرح گالم گلوج کی سیاست سے گریز کریں اور اخلاقیات کے دائرے میں رہ کر تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو اپنے سینوں سے لگائیں،ہم پیپلز پارٹی کے ہر کارکن کو عزت دینگے اور ان کے مسائل حل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں ایک بڑا ورکر کنونشن بھی منعقد کرینگے جس میں مرکزی قائدین شرکت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ملک کو آئین دیا ہے اور آئین پر عمل درآمد بھی جانتے ہیں کسی بھی ماروائے آئین اقدام کی حمایت نہیں کرینگے۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں