زمینوں پر قبضہ ،فشرفوک فورم نے مرحلے وار ٹھٹھہ ضلع سمیت سندھ بھرمیں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

جمعرات 4 جنوری 2018 16:52

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2018ء) پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین سید محمد علی شاہ نے سندھ کے صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کی جانب سے بابلی جھیل پر غیرقانونی قبضے سمیت سندھ میں 1209 جھیلوں پر جبری قبضوں کے خلاف 10 جنوری سے مرحلے وار ٹھٹھہ ضلع سمیت سندھ بھرمیں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔جمعرات کو ٹھٹھہ میں این این آئی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوِئے سید محمد علی شاہ نے کہا کہ سجاول ضلع میں موجود 30ہزار ایکڑ پر مشتمل بابلی جھیل پر سندھ کے صوبائی وزیر محمد علی ملکانی اور اس کے بھائی حاجی شوکت علی ملکانی نے غیرقانونی قبضہ کرکے وہاں پر بند کی تعمیر بھی شروع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ بھر میں 1209 جھیلوں پر بااثر افراد کے قبضے ہیں مگر سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے تمام قبضوں کو ختم کرنے کا حکم جاری کرنے کے بعد بھی سندھ حکومت نے عدلیہ کے احکامات پر عمل نہیں کیا ہے جس کے باعث ہم احتجاجی دھرنوں کی تحریک چلانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 27 جنوری کو سندھ بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے۔سید محمد علی شاہ نے صوبائی وزیر ماہی گیر محمد علی ملکانی کے بھائی حاجی شوکت علی ملکانی پر ان کے اغوا اور تشدد کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں کہا کہ وہ سندھ ہائی کورٹ میں بھی ان اہم ایشوز پر پٹیشن داخل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں