صحت کے شعبہ میں مزید بہتری کیلئے ہر وقت کوشاں ہیں، سید ریاض حسین شاہ شیرازی

ہفتہ 27 اپریل 2024 22:52

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2024ء) یونیسیف کے تعاون سے حفاظتی ٹیکوں کے توسعی پروگرام (ای پی آئی) کے رہنما خطوط پر ویکسینیٹرز کی صلاحیتوں کی تعمیر کیلئے میڈیکل ایمرجنسی ریزیلینس قاؤنڈیشن (مرف) کی جانب سے 15- سے 27- اپریل 2024 تک جاری رہنے والے تربیتی سیشن کی اختتامی تقریب وی کیئر مکلی میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور، زکواة و عشر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سمیت تمام اعلی قیادت سندھ بھر میں صحت کے شعبہ میں مزید بہتری کیلئے ہر وقت کوشاں ہیں، یہی وجہ ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے قائم کردہ صحت مراکز سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کے لوگ بہتر طبی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ویکسینیٹرز کو اپنی ذاتی کوششوں سے موٹر سائیکلیں فراہم کرنا ایک احسن اقدام ہے جس سے نہ صرف انہیں دور دراز علاقوں میں بچوں کو ویکسینیشن کیلئے پہنچنے میں آسانی بلکہ ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈی ایچ کی کاوشیں اور حفاظتی ٹیکوں کے توسعی پروگرام کی کارکردگی رینکنگ کے لحاظ سے سندھ بھر میں ضلع ٹھٹھہ پہلے نمبر پر ہے جوکہ قابل تعریف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل میں ڈی ایچ او سمیت مرف، یونیسیف، پی پی ایچ آئی و دیگر صحت ورکرز کی کوششیں اور کاوشیں بھی قابل ستائش ہیں جنہوں نے محنت اور لگن سے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیٹرز اگر سچائی، ایمانداری اور نیک نیتی سے اپنے فرائض سرانجام دیں تو بیماریوں پر ضابطہ آنے سمیت اسپتالوں میں مریضوں کا جانا بھی بہت ہی کم ہو جائے گا جس سے وہ اس دنیا اور آخرت میں بھی سرخرو ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مستحق اور حقدار لوگوں کو زکوات کی فراہمی سمیت تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون کی فراہمی کیلئے بھی کوشاں ہیں تاکہ ڈائلاسز کے مریضوں کا دیرینہ مسئلا بجائے کراچی یا حیدرآباد جانے کے یہاں پر ہی حل ہو سکے۔ انہوں نے ضلع ٹھٹھہ میں صحت کی خدمات اور ای پی آئی کو مزید تقویت دینے کی یقینی دہانی بھی کروائی۔ تقریب سے ڈی ایچ او ڈاکٹر صفدر علی شاہ، ریجنل مینیجر مرف آدم ملک، سول سرجن سید یامین شاہ، ڈسٹرکٹ مینیجر یونیسیف اعجاز جاکھرو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

بعد ازیں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تعلقہ سپروائزر ناصر قریشی اور دیگر تین ویکسینیٹرز یامین سومرو، علی محمد کیہر اور محمد فضل عمرانی کو قرعہ اندازی کے تحت ایک ایک سی ڈی موٹر سائیکل فراہم کی گئی، اس کے علاوہ باقی ویکسینیٹرز کو اپنی پرانی موٹر سائکلون کی مرمت کی مد میں 10 ہزار روپے فی کس نقد انعامات اور تعاریفی سرٹیفکیٹ بھی پیش کئے گئے۔

تقریب میں چیئرمن میونسپل کمیٹی ادا محمد میمن، فوکل پرسن ای پی آئی ڈاکٹر نظیر احمد خواجہ، ڈاکٹر لائبہ، یونیسیف کی نمائندہ ڈاکٹر غلام زینب، ڈاکٹر خالد قریشی، ڈاکٹر راجیش کمار، ڈاکٹر سرور شیخ، ممتاز ہالو کے علاوہ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، پولیو ورکز، مختلف این جی اوز کے نمائندوں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔#

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں