ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے ،رکن پنجاب اسمبلی مولانا معاویہ اعظم

جمعہ 20 مئی 2022 15:10

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) رکن پنجاب اسمبلی مولانا معاویہ اعظم نے کہا ہے کہ یہودی لابی صرف اور صرف اسلام سے خوف زدہ ہے، یہودی لابی کے پیروکاروں نے ایک منظم سازش کے تحت پاکستان میں نصاب تعلیم کی ایک سو سے زائد کتب میں عقیدہ ختم نبوت اور مقدس شخصیات کے متعلق ردوبدل کرنے کی کوشش کی، جس کا بروقت نہ صرف تدارک کیا گیا بلکہ اس سازش کو بھی ناکام بنایاگیا،عقیدہ ختم نبوت،دفاع صحابہ اور پاکستان کی بقاء ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نواحی چک نمبر335گ ب میں ختم نبوت کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے مفتی کفایت اللہ،مفتی محمد عبداللہ،قاری ارباب سکندر،مولانا منیر احمد خان،مولانا محمد رائے پوری اور مولانا حسن معاویہ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ایم پی اے مولانا معاویہ اعظم نے کہا کہ نصاب تعلیم میں ختم نبوت،صحابہ واہلبیت سمیت مقدس شخصیات کے متعلق مضامین اور مواد کو شائع کرنے کا اختیار پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ سے لے کر علماء کے حوالہ کرنے کے متعلق پنجاب اسمبلی سے قانون سازی علماء کی جدو جہد کا نتیجہ اور بہت بڑی کامیابی ہے۔

اس قانون سازی سے کوئی بھی منکر ختم نبوت ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کے عقائد پر ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا۔کلمہ طیبہ اور خالص اسلامی نظریہ کی بنیاد پر بننے والے ملک میں بدقسمتی سے مقدس شخصیات کو متنازعہ بنا کر عقیدہ ختم نبوت کو مشکوک بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جن کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔عقیدہ ختم نبوت اور مقدس شخصیات کا دفاع ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے،جس کیلئے آئینی اور قانونی جدو جہد جاری ر ہے گی، ہم پر امید ہیں کہ مملکت خداد کی پارلیمنٹ ان حساس معاملات پر مزید قانون سازی کرے گی جس طرح کہ ختم نبوت کے مسئلہ پر قانون سازی کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے جھوٹ بول کر نوجوان نسل کو گمراہ کیا جا رہا ہے،ملک کے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں