Hassam Qazi Aik Versatile Actor

Hassam Qazi Aik Versatile Actor

حسام قاضی ایک ورسٹائل ایکٹر

دھیما لہجہ،خوبصورت آواز اور عمدہ پرفارمنس ان کی مقبولیت کا سبب تھی

پیر 3 جولائی 2023

وقار اشرف
معروف اداکار حسام قاضی کو مداحوں سے بچھڑے 19 برس بیت گئے وہ 3 جولائی 2004ء کو راہی ملک عدم ہو گئے تھے۔1961ء کو پیدا ہونے والے حسام قاضی کا تعلق کوئٹہ سے تھا،انہوں نے بیالیس سال کی عمر پائی اور فنی کیریئر کا آغاز دوست محمد گشکوری کے ڈرامے ”خالی ہاتھ“ سے کیا جس کے بعد انہیں کاظم پاشا کی ڈرامہ سیریل ”چھاؤں“ سے پاکستان بھر میں شہرت ملی۔

حسام قاضی نے اداکاری کا آغاز زمانہ طالبِ علمی میں کر دیا تھا۔کامرس میں ماسٹر کرنے کے بعد وہ کوئٹہ کے ایک کالج میں لیکچرر مقرر ہوئے اور تدریسی مصروفیات کے ساتھ ساتھ اداکاری کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔وہ پی ٹی وی کوئٹہ مرکز کے ان اداکاروں میں سے ایک تھے جنہیں اپنے کرداروں کے سبب ملک گیر شناخت اور مقبولیت حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

2000ء میں ان میں دل کے عارضے کی تشخیص ہوئی تھی تاہم ضروری علاج اور دیکھ بھال کے بعد وہ طبیعت میں بتدریج بہتری محسوس کر رہے تھے انہوں نے آرام کی غرض سے کالج میں اپنی ذمہ داریوں سے طویل رخصت لے رکھی تھی اور اپنے کنبے کے ساتھ کراچی منتقل ہو گئے تھے جہاں وہ آخری سانس تک قیام پذیر رہے۔

انہوں نے ٹیلی ویژن پر اپنے وقت کے بڑے اور سینئر اداکاروں کے ساتھ کام کیا تھا۔
دھیما لہجہ،خوبصورت آواز اور عمدہ پرفارمنس ناظرین میں حسام قاضی کی مقبولیت کا سبب تھی۔پی ٹی وی کے ناظرین نے خاص طور پر ڈرامہ ”ماروی“ میں ان کی پرفارمنس کو بے حد پسند کیا تھا۔انہوں نے 300 کے لگ بھگ ڈرامہ سیریلز میں کام کیا مگر چھاؤں،ماروی،چاکر اعظم اور محراب خان سے انہیں خوب شہرت ملی۔ان کے دیگر معروف سیریلز میں ماروی،دیس پردیس،لب دریا،ایمرجنسی وارڈ،کشکول،گھرانہ اور درد کے فاصلے شامل ہیں۔ان کی آخری زیر تکمیل ڈرامہ سیریل ”مٹی کی محبت“ تھی۔وہ کوئٹہ میں ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔

Browse More Articles of Lollywood