عادل ابراہیم، خالد شکیل اور الطاف عمران کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

اپنے قلم کے ذریعے جہاد کرنے والے صحافی عظیم لوگ ہیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے ،فلم اسٹار مصطفی قریشی ریحان ہاشمی، جاوید صوفی، زوہیب طاہر، امتیاز فاران، مقصود یوسفی ، مختار عاقل و دیگر کا مرحومین کو خراج عقیدت

ہفتہ 30 جنوری 2021 16:56

عادل ابراہیم، خالد شکیل اور الطاف عمران کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2021ء) پاکستان کے سینئر فلم اسٹار مصطفی قریشی نے کہا ہے کہ اپنے قلم کے ذریعے جہاد کرنے والے صحافی عظیم لوگ ہیں۔ صحافیوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی ہے۔ وہ کراچی پریس کلب میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے سینئر ارکان سید عادل ابراہیم، خالد شکیل اور الطاف عمرانی مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں جدوجہد کرنے والے صحافیوں کی ایک طویل فہرست ہے جنھوں نے حقوق کے لیے ہر پلیٹ فارم پر اپنا کردار ادا کیا ، اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی اور بلدیہ وسطی کے سابق چیئرمین ریحان ہاشمی، متحدہ رابطہ کمیٹی کے رکن زاہد منصوری، صاحبزادہ ڈاکٹر فریدالحق قادری، سینئر صحافی مقصود یوسفی، مختار عاقل، امتیاز خان فاران، امین یوسف، ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی، صدر عبدالوسیع قریشی، سیکریٹری پرویز مظہر کے علاوہ آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر ندیم ظفر، محمود احمد خان، اداکار سلیم آفریدی، سید امتیاز الحق بخاری، اسٹیج ہدایت کار خادم حسین اچوی، عبدالمجید ابدانی، یونس میمن، بوہری کمیونٹی کے رہنما زوہیب طاہر، تاجر الائنس کے منصور جیک، راحیلہ بھٹی، ایس ایم ای کے ولی اللہ، سوہنی دھرتی یوتھ کونسل کے مختار احمد، شیخ راشد عالم، اسد کریم، قیصر مسعود جعفری، محمد اسلم کے علاوہ مرحومین کے صاحبزادگان عدیل عادل ابراہیم، ایمن الطاف حسین عمرانی اور علی خالد شکیل نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تعزیتی ریفرنس کی نظامت کے فرائض اے کے میمن نے انجام دیئے۔ مقررین نے تینوں مرحومین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کے شعبے میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔بعد ازاں صاحبزادہ ڈاکٹر فرید الدین قادری نے تینوں مرحومین کے علاوہ سینئر صحافی عبدالحمید چھاپرا ، عمران قریشی، فوٹو گرافر رزاق واساواڈی اور لاہور کے فلم جرنلسٹ طفیل اختر دادا و دیگر کے لیے بھی فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کرائی ۔
وقت اشاعت : 30/01/2021 - 16:56:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :