Umar, Mahz Aik Hindsa Hai - Article No. 3399

Umar, Mahz Aik Hindsa Hai

عمر، محض ایک ہندسہ ہے - تحریر نمبر 3399

آپ کی اصل عمر وہی ہے جو آپ جی رہے ہوتے ہیں

بدھ 11 جون 2025

صبا صادق
کہیں پڑھا کہ ”جو لوگ عورت کی عمر اُس کے چہرے سے پڑھتے ہیں، وہ دراصل اَن پڑھ ہیں۔عورت اپنی بیشتر عمر اپنے دل کی بھول بھلیوں میں کہیں جیتی ہے۔اپنے رشتوں میں سانس لیتی اور اپنے ہر رشتے میں اپنی توانائی پھونک دیتی ہے۔مکان کو گھر بناتی اور پھر اُسی گھر کے ہر ایک کونے میں تھوڑا تھوڑا جیے جاتی ہے۔اپنے اُس پیار بھرے گھروندے میں جلے پیر کی بلی کی طرح گھومتے ہوئے اکثر اپنے آپ سے مُکرتی رہتی ہے، مگر اپنے خوابوں اور اُن کی تعبیروں کو اپنی اولاد اور اولاد کی اولاد کی آنکھوں میں موتی، ستاروں کی طرح ٹانک دیتی ہے اور بس․․․یہی سبز موسم اُس کی کُل محبت، پوری کائنات ہے۔
اور ”محبت“ بھلا کب بوڑھی ہوتی ہے۔سو، جو لوگ عورت کی عمر اُس کے چہرے سے پڑھتے ہیں، وہ دراصل اَن پڑھ ہیں۔

(جاری ہے)


اسی طرح ایک اور مشہور مقولہ ہے کہ ”عمر، محض ایک ہندسہ ہے، آپ کی اصل عمر وہی ہوتی ہے، جو آپ جی رہے ہوتے ہیں، جس کا آپ خود کو تصور کرتے ہیں۔“جبکہ ایک معروف برطانوی اداکارہ سے کسی صحافی نے اُس کی عمر سے متعلق سوال کیا، تو اُس کا جواب تھا۔

”میرے خیال میں تو کسی عورت سے اُس کی عمر سے متعلق پوچھنا انتہائی احمقانہ بات ہے۔یہ ایک غیر متعلقہ، ناموزوں سا سوال ہے۔سوال اُن کامیابیوں، کامرانیوں سے متعلق ہونا چاہیے، جو عمر کی دشوار گزار پگڈنڈیاں، سیڑھیاں الانگتے پھلانگتے حاصل کی گئیں۔سوال اُن مشکلات، مسائل کے حوالے سے ہونا چاہیے، جن کا مقابلہ کرتے کرتے ہاتھوں، پیروں کی جلد کھردری، شفاف پیشانی شکن آلود اور نوخیز چہرہ جھریوں زدہ ہوا۔
سوال اُن محبتوں، رشتوں سے متعلق ہونا چاہیے، جو اس مشکل، کٹھن سفر میں ہم سے کھو گئے، اُن حسین ترین لمحات سے متعلق ہونا چاہیے، جو جہدِ مسلسل کی دشواریوں، کٹھنائیوں میں ہم جی نہ سکے، ہمارے ہاتھوں سے پھسل گئے۔“
اور پھر وہ تو زبانِ زد عام سی بات ہے کہ ”مرد اپنی تنخواہ اور عورت اپنی عمر کبھی صحیح نہیں بتاتے۔“ویسے کسی کو بھی، کسی کی بھی اصل عمر جاننی کیوں ہوتی ہے۔
بارہا دیکھا گیا ہے کہ لوگ گوگل کر کر کے خواتین سلیبریٹیز کی اصل عمر معلوم کر رہے ہوتے ہیں اور پھر کتنی ہی فنکار خواتین اس ضمن میں سفید جھوٹ بولتی بھی دکھائی دیتی ہیں۔ہونا تو یہی چاہیے کہ جو چہرے مُہرے سے جس عمر کی بھی نظر آتی ہو، اُسے اُسی عمر کا مان لیا جائے۔اگر کوئی عمر چور ہے یا اپنی عمر سے بڑی نظر آتی ہے۔کوئی اپنی عمر کی مناسبت سے زیب و زینت، بناؤ سنگھار پسند کرتی ہے یا کوئی عمر رسیدگی کے باوجود بہت زندہ دل، شوقین مزاج ہے، تو ہر ایک کو اُس کی پسند، ناپسند، مرضی و منشا کے مطابق جینے، سجنے، سنورنے کا پورا حق حاصل ہے، خصوصاً عورت کا تو یہ فطری و ازلی حق، گویا اُس کے خمیر میں گوندھا، سرشت میں گھول دیا گیا ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Umar, Mahz Aik Hindsa Hai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.