Mausam Garma Mein Joote Ka Intikhab Soch Samajh Kar Karen - Article No. 3371

Mausam Garma Mein Joote Ka Intikhab Soch Samajh Kar Karen

موسم گرما میں جوتے کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں - تحریر نمبر 3371

جوتے کی خریداری کرتے وقت فیشن اپنی شخصیت موسم اور ضرورت کو مدنظر رکھنے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں کہ جوتا یا سینڈل آرام دہ ہو جو آپ کے پیروں کو تکلیف میں مبتلا نہ کرے

پیر 17 مارچ 2025

شمع ناز
خواتین دیگر آرائشی اشیاء کے ساتھ ساتھ جوتوں کو بھی بڑی اہمیت دیتی ہیں، کیونکہ وہ جانتی ہیں کہ جوتے نہ صرف ان کی تیاری کے مراحل کی تکمیل میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں، بلکہ ان کا انتخاب خواتین کی شخصیت کے مجموعی تاثر پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جوتوں کا انتخاب کیسے کیا جائے؟ اس کے لئے ہم آپ کو چند نکات بتاتے ہیں جن کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ اپنے لیے جوتوں کا انتخاب کر سکتی ہیں۔

سب سے پہلے تو یہ دیکھیں کہ جوتا آپ کے پیروں میں پوری طرح فٹ آنا چاہیے، یعنی تنگ ہر گز نہ ہو۔جوتا پہن کر چند قدم چل کر دیکھیں، اس سے آپ کو ٹھیک اندازہ ہو جائے گا۔بڑا جوتا پاؤں میں فٹ نہیں ہوتا اور چلنے میں دشواری کا باعث بنتا ہے، لیکن چھوٹا یا تنگ جوتا نہ صرف آپ کے پاؤں کی ہڈی اور گوشت وغیرہ کو دبا کر آپ کو اعصابی تکلیف میں مبتلا کرتا ہے، بلکہ اس سے پاؤں میں چھالے بھی بن جاتے ہیں۔

(جاری ہے)


دوسری بات یہ ہے کہ جوتا یا سینڈل جو بھی خریدا جائے، وہ ہلکا پھلکا، نرم اور آرام دہ ہو، زیادہ سخت یا وزنی جوتے یا سینڈل کچھ دیر تو پہنے جا سکتے ہیں، لیکن زیادہ دیر تک پہننے کی صورت میں پیروں میں تھکن اور تکلیف ہو جاتی ہے جو زیادہ پریشانی کا باعث بنتی ہے لہٰذا جوتا یا سینڈل ہمیشہ ہلکا نرم اور آرام دہ ہی خریدنا چاہیے۔
جوتا یا سینڈل خریدتے وقت اس بات کو ضرور مدنظر رکھیں کہ آپ کے پیروں کی ساخت کیسی ہے اور ان پر کیا جچے گا۔
جوتا یا سینڈل، اگرچہ فیشن کو بھی کسی حد تک مدنظر رکھنا چاہیے لیکن ایسے کسی بھی فیشن سے گریز کرنا چاہیے جو آپ کے پیروں کو تکلیف پہنچائے اور آپ کی شخصیت کو مضحکہ خیز بنا دے۔مثلاً اگر کوئی فربہ جسم یا موٹی خاتون بہت اونچی اور پتلی ہیل صرف فیشن کے لئے پہن لیں تو یہ ان پر بہت بری لگے گی۔
اسی طرح اگر بہت گہرے رنگ کی حامل خاتون کریم یا سفید رنگ کی سینڈل یا جوتے پہن لیں جن سے ان کے پاؤں دکھائی دیتے ہوں تو یہ ان پر اچھے نہیں لگیں گے۔
اس مسئلے کے حل کے لئے وہ فیشن تو ضرور اپنائیں مگر جوتے یا سینڈل ایسے پہنیں جو زیادہ سے زیادہ ان کے پاؤں کو ڈھانپ لیں۔
جوتے کے انتخاب میں فیشن بھی اہمیت رکھتا ہے، لیکن آپ فیشن کے ساتھ ساتھ اپنے پیروں کے آرام کا بھی خیال رکھیں، اگر فیشن کے مطابق جوتا آپ کے پیروں کو تکلیف میں مبتلا کر رہا ہے تو اسے پہننے سے گریز کریں، کیونکہ ایسا جوتا یا سینڈل آپ کو مسلسل اذیت میں مبتلا رکھے گا جو آپ کے لئے کسی طرح بھی مناسب نہیں ہو گا۔
صرف پیروں میں جوتا فیشن کے مطابق ہو گا، باقی آپ کی شخصیت اور چہرے کی خوبصورتی شدید متاثر ہو گی اور ظاہر ہے کہ آپ ایسا کبھی نہیں چاہیں گی لہٰذا جوتے کے انتخاب میں فیشن کے ساتھ ساتھ اپنے پیروں کے آرام کا بھی خاص خیال رکھیں۔
جوتے کے انتخاب میں موسم کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔گرم موسم میں کھلے جوتے استعمال کرنے چاہئیں، تاکہ پیر نہ صرف پسینے کی بدبو سے بچائے جا سکیں بلکہ انہیں پسینے سے پھیلنے والے جراثیم کے اثرات سے بھی بچایا جا سکے۔
مندرجہ بالا نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے جوتے کی خریداری کریں تو آپ کئی مشکلات سے بچ سکیں گی۔جوتے کی خریداری کرتے وقت فیشن اپنی شخصیت موسم اور ضرورت کو مدنظر رکھنے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں کہ جوتا یا سینڈل آرام دہ ہو جو آپ کے پیروں کو تکلیف میں مبتلا نہ کرے۔

Browse More Shopping Tips for Women

Special Shopping Tips for Women article for women, read "Mausam Garma Mein Joote Ka Intikhab Soch Samajh Kar Karen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.