Aaya Habs Aur Num Alood Mausam - Article No. 2659

Aaya Habs Aur Num Alood Mausam

آیا حبس اور نم آلود موسم چہرے اور بالوں کی شادابی کا دشمن - تحریر نمبر 2659

برسات میں چہرے پر بہار رکھنا ہم بتائیں گے

جمعرات 12 اگست 2021

راحیلہ مغل
بارش کا خوبصورت موسم کسے پسند نہیں۔کبھی سورج کا بادلوں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلنا تو کبھی آسمان پر قوس و قزح کے رنگوں کا بکھرنا۔اس موسم میں ہر چیز نکھری نکھری لگتی ہے جس سے آنکھوں کو ٹھنڈک ملتی ہے۔لیکن اسے مسائل کا موسم بھی کہا جاتا ہے کیونکہ جلد اور بالوں کے مسائل پریشان کر دیتے ہیں اس لئے ہم نمی یا بارش کے موسم میں بالوں اور جلد کے کچھ مسائل کا حل بتائیں گے۔
ان دنوں میں فنگس کا مرض پریشان کرتا ہے کیونکہ نمی سے جلد نرم ہو کر فنگس کا آسان ہدف بن سکتی ہے۔انفیکشن سے بچنے کے لئے اینٹی انفیکشن ٹونر کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔یہ ٹونر آپ گھر میں بھی تیار کر سکتی ہیں۔چائے کے ایک چمچے دودھ میں پانچ قطرے چنبیلی کا تیل مکس کیجئے۔

(جاری ہے)

اگر جلد چکنی ہے تو لیونڈر آئل میں تھوڑا پانی ملا کر پتلا کر لیں اور پھر چہرے پر لگائیں۔

اگر جلد خشک ہے تو عرق گلاب اور گلیسرین کا مکسچر رات کو سونے سے قبل چہرے پر لگائیں۔بادام اور شہد کا پیسٹ بھی لگایا جا سکتا ہے اسے بیس منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں۔اس سے جلد نرم ہو جائے گی۔شہد اور دہی کی یکساں مقدار کو مکس کرکے چہرے اور گردن پر پندرہ منٹ کیلئے لگانے سے بھی مطلوبہ نتائج حاصل ہو جائیں گے۔اگر جلد خشک ہے تو ایک کھانے کا چمچہ ملک کریم میں عرق گلاب ملا لیں اور اسے چہرے پر لگائیں۔
پندرہ منٹ کے بعد دھو لیں۔جب بھی چہرہ دھوئیں،ہر بار ٹونر لگائیں تاکہ مسام بند ہو جائیں اور نمی متاثر نہ کر سکے ۔نمی میں زیادہ تر چکنی جلد متاثر ہوتی ہے۔اس لئے ”واٹر بیسڈ موئسچرائزر“ کا استعمال اور دن میں تین بار چہرے کو دھونا مناسب رہتا ہے۔
کیمیکل پیل ایسا ٹریٹمنٹ ہے،جو ماہر جلد استعمال کرتے ہیں۔تاہم آپ چاہیں تو خود بھی یہ گھر پر کر سکتی ہیں۔
غسل کے دوران جلد پر صابن کی طرح موٹا پسا ہوا آٹا لگائیں۔اس سے جلد میں تازگی پیدا ہوتی ہے۔اس کے بہترین استعمال کا وقت مون سون کا موسم جو جلد ہی شروع ہونے والا ہے۔اس کے استعمال کے بعد دھوپ سے جلد کو نقصان نہیں پہنچتا اور جلد کی حساسیت پر بھی فرق نہیں پڑتا۔
چکنی جلد کو موئسچرائز کرنے کے لئے 2 چائے کے چمچے عرق گلاب،4 قطرے اسٹرابیری آئل اور 4 قطرے”اورنج اسینشل آئل“ کا مکسچر بنا لیجئے۔
اسے 15 منٹ کے لئے چہرے،ہاتھوں اور پیروں پر لگانے کے بعد دھو لیں۔جلد چمک اٹھے گی۔جلد کی تازگی اور خوشبو کیلئے کچلے ہوئے کھیرے میں صندل کی لکڑی کا پاؤڈر مکس کرکے جلد پر لگائیں اس کا بھی فائدہ ہو گا۔
اس موسم میں ہونٹ خشک ہو کر پھٹنے لگتے ہیں،اگر آپ کو بھی یہی مسئلہ در پیش ہے تو پھر خشک اور پھٹے ہوئے ہونٹوں پر ناریل کا تیل لگائیں، اگر ایڑیاں پھٹنے لگیں تو ان پر کیسز آئل لگائیں۔
اس موسم میں بھاری موئسچرائزنگ کریم‘آئلی فاؤنڈیشن اور کریم بیسڈ کلر میک اپ سے دور رہیں۔لائٹ موس یا مینالک کمپیکٹ کا استعمال کریں یا پھر کیلامائن لوشن کے چند قطرے بطور میک اپ بیس استعمال کریں۔اس موسم میں ہلکا میک اپ کیجئے یہی اچھا لگے گا۔
جہاں تک بالوں کا تعلق ہے تو نمی کی زیادتی بالوں کی سب سے بڑی دشمن ہے۔بال الجھنے لگتے ہیں یا بے رنگ اور پھیکے پھیکے سے نظر آتے ہیں تاہم اس کا انحصار بالوں کی قسم پر بھی ہوتا ہے،باریک اور موٹے بال بے رونق ہو جاتے ہیں جبکہ گھنگھریالے بال اُلجھ جاتے ہیں۔
چنانچہ کوئی بھی ہیئر سٹائل بنانے کیلئے سٹائلنگ جل استعمال کرنا ہی بہتر حل ہے۔جل کی وجہ سے بالوں کے اوپر جمنے والی باریک سی تہہ انہیں نمی سے بچاتی ہے۔مزید تحفظ کے لئے آپ ایسا ہیئر سپرے استعمال کر سکتی ہیں جس میں چپچپاہٹ نہ ہو۔بالوں کو صابن یا شیمپو سے روز روز دھونا ان مسائل میں اضافہ کر دے گا جس سے آپ پہلے ہی پریشان ہیں۔ہفتہ میں دو یا تین بار بالوں کو شیمپو سے دھوئیں۔
اس سے بال صاف بھی رہیں گے اور دیکھنے میں بھی اچھے لگیں گے،قدرتی چمک میں بھی فرق نہیں آئے گا اور وہ کم الجھیں گے۔دھونے کے بعد بالوں کی کنڈیشننگ کرنا ہر گز نہ بھولیے۔
نمی کے دنوں میں بالوں کو کوئی نیا سٹائل دینے کی کوشش نہ کیجئے،مثلاً گھنگھریالے بالوں کو ہر گز سیدھا نہ کیجئے،اور اگر بال سیدھے ہیں تو گھنگھریالے نہ کیجئے۔کیونکہ جب بال تھوڑی سی نمی بھی جذب کر لیتے ہیں تو وہ واپس اپنی قدرتی حالت میں آجاتے ہیں اس سے آپ کی ساری کوششیں ضائع ہو جائیں گی۔
اس لئے قدرتی حالت میں رکھ کر ہی سوٹ کرنے والا ہیئر سٹائل اپنائیں۔جیسا کہ باریک اور سیدھے بالوں کو پیچھے کی طرف کھینچ کر جوڑا بنایا جا سکتا ہے۔
ہوا میں نمی کی زیادتی سے بالوں کی ساخت متاثر ہوتی ہے،اور یہ بے جان سے لگتے ہیں۔سر پر مسلسل پسینہ آنے سے الجھن ہوتی ہے،بال بھی گرنے لگتے ہیں۔اس موسم میں کنڈیشنر اور کیمیاوی ٹریٹمنٹ سے دور رہنا ہی بہتر ہے۔
آئرننگ تو بالکل نہ کروائیے کیونکہ مسلسل گرم ہوا لگنے سے بال کمزور ہو کر ٹوٹنے لگتے ہیں یا ان کے دو منہ بن جاتے ہیں۔بالوں میں موجود آئل کی زیادتی اور موئسچرائزر کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ مہندی کا استعمال ہے اس سے فائدہ اٹھائیے۔موسم کی وجہ سے بال گرنے والے بالوں کیلئے کسی قسم کے علاج کی ضرورت نہیں،موسم کے بدلتے ہی یہ دوبارہ اُگ آتے ہیں۔

Browse More Face Care & Skin Care

Special Face Care & Skin Care article for women, read "Aaya Habs Aur Num Alood Mausam" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.