Apne Bedroom Ko Mutasir Kun Andaaz Mein Sajaye - Article No. 3215

Apne Bedroom Ko Mutasir Kun Andaaz Mein Sajaye

اپنے بیڈ روم کو متاثر کن انداز میں سجائیں - تحریر نمبر 3215

سجاوٹ اور سلیقے سے رکھی چیزیں آدھی تھکان ختم کر دیتی ہیں

بدھ 22 نومبر 2023

آمنہ ماہم
دن بھر کی تھکن کے بعد جب ہم آرام کی غرض سے اپنے بیڈ روم کا رُخ کرتے ہیں تو وہاں خوبصورت انداز میں سجاوٹ اور سلیقے سے رکھی چیزیں آدھی تھکان ختم کر دیتی ہیں اور یوں ذہنی آسودگی حاصل ہوتی ہے۔بیڈ روم انسان کی شخصیت کا بھی عکاس ہوتا ہے، جس کی سجاوٹ اس کی ذاتی پسند و ناپسند، نفاست اور ذوق کا پتہ دیتی ہے۔
دوسری جانب انٹیریئر ماہرین ٹرینڈز کے مطابق بیڈ روم کی سجاوٹ پر زور دیتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس بات سے قطع نظر کہ بیڈ روم کا سائز کیا ہے، گھر کے اس حصے میں سجاوٹ کے دلکش اور متاثر کن انداز کے ذریعے ایک حیرت کدہ بنایا جا سکتا ہے۔آئیے جانتے ہیں کہ بیڈ روم کے لئے کن ٹرینڈز پر عمل کرنا سود مند ثابت ہو گا۔
انٹیریئر ڈیزائننگ کے ماہرین کے مطابق بیڈ روم کے ماحول کو صحت مند ماحول میں تبدیل کرنے کے لئے قدرتی مواد کا زیادہ سے زیادہ استعمال ضروری ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ اب ماہرین آرائش و سجاوٹ کے لئے لکڑی کی اشیاء استعمال کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بیڈ روم کے فرنیچر کے لئے دوسرے مٹیریل کے بجائے لکڑی کو ہی بطور مواد منتخب کیا جائے۔دوسری جانب بیڈ کے عقب والی دیوار پر بھی لکڑی کا بیک ڈراپ بنوانا خاصا مقبول ہوتا جا رہا ہے۔ساتھ ہی چھت (سیلنگ) اور فرش کے لئے بھی لکڑی کا استعمال خواب گاہ میں تازگی اور شگفتگی کا احساس دوبالا کر سکتا ہے۔

ایک آئیڈیل بیڈ روم وسیع اور کشادہ ہوتا ہے، تاہم جائیداد کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے چھوٹے مکانات یا فلیٹس میں رہائش اختیار کرنے سے اکثر افراد کے بیڈ روم زیادہ کشادہ نہیں ہوتے۔یہی وجہ ہے کہ بیشتر گھروں میں بڑے بڑے بیڈ رومز کے بجائے عام سائز کے بیڈ روم زیادہ دیکھنے میں آتے ہیں۔اس کو دیکھتے ہوئے کچھ عرصے سے منیملسٹ بیڈ روم ڈیزائن متعارف کروایا گیا ہے یعنی ایک ایسی خواب گاہ، جو چھوٹی ہونے کے باوجود سجاوٹی ٹرینڈز کے مطابق کھلی کھلی اور کشادہ محسوس ہو۔
بیڈ روم میں صرف ان چیزوں کا اضافہ کریں جو بے حد ضروری اور ٹرینڈ کے مطابق ہوں، مثلاً فرنیچر میں صرف بیڈ، ڈریسنگ ٹیبل اور الماری، اسی طرح بیڈ روم کی سجاوٹ کے لئے سادہ اور ہلکے کپڑے کے پردے جبکہ بڑے بڑے فریم کے بجائے سادہ یا بغیر فریمنگ والی تصویریں لگائیں۔
اگر آپ کے بیڈ روم میں کارپٹ بچھا ہوا ہے تو ٹرینڈ پر عمل کرنے کے لئے آپ کو بیڈ روم سے کارپٹنگ ختم کرنا ہو گی۔
معروف انٹرنیشنل انٹیریئر ڈیکوریشن ویب سائٹ کے سی ای او لیسا ریکرٹ کے مطابق بیڈ روم میں کی گئی مکمل کارپٹنگ نہ صرف مٹی اور دھول کا باعث بنتی ہے بلکہ اس سے بہت سی الرجیز بھی مکینوں پر حملہ آور ہو جاتی ہیں۔لہٰذا ضروری ہے کہ کمرے میں مکمل کارپٹنگ کے بجائے صرف درمیان میں رگس بچھانے پر غور کریں۔اس ایریا میں آپ کافی ٹیبل کا اضافہ کر کے بیڈ روم کی سجاوٹ کو ایک نیا انداز دے سکتے ہیں۔

جب کمرہ چھوٹا ہو تو اس کا پورا ماحول ہم آہنگ ہونا چاہیے۔اس مقصد کے لئے سفید رنگ مددگار ثابت ہو گا، جو کمرے کو کشادہ دکھاتا ہے۔
لیسا ریکرٹ بیڈ روم کی آرائش کے طور پر پنکھا نہ لگانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ کمرے کے مرکز میں چھت پر نصب پنکھوں کے روایتی انداز کو ہینگنگ لائٹس میں تبدیل کر دیا جائے۔لیسا ریکرٹ کا کہنا ہے کہ کمرے کے مرکز میں لگے سیلنگ فین کی جگہ خوبصورت اور مہنگا فانوس یا پھر ہینگنگ لائٹس سجاوٹ کے ایک عام انداز کو بدل دے گا۔
ایسے افراد جو پنکھے کے بغیر اپنا گزارہ مشکل سمجھتے ہیں، انھیں اس کا متبادل تلاش کرنا ہو گا مثلاً کارنر فین یا پھر انورٹر اے سی کی صورت میں۔دوسری جانب لیسا کا کہنا ہے کہ نئے ٹرینڈ میں ایک کے بجائے دو پنکھے بھی لگائے جا سکتے ہیں لیکن یہ ٹرینڈ صرف ان بیڈ روم کے لئے مناسب رہے گا جو خاصے کشادہ ہوں اور ان کی چھت پر کارنر سائیڈ دو پنکھے اور مرکز میں خوبصورت فانوس بھی لگایا جا سکے۔

اپنی خوابگاہ میں خوبصورت ماحول پیدا کرنے کے لئے روشنیوں کی تعداد کو بڑھائیں۔دیدہ زیب لیمپ لگانے کے لئے ہلکی روشنیاں خرید کر لائیں، ایسا کرنے سے آپ کو سونے کی جگہ گرمائش اور آرام کا ایک چھوٹا سا نخلستان محسوس ہو گی۔بہتر تو یہ ہے کہ LED لائٹس لگا لیں کیونکہ یہ ماحول دوست ہونے کے ساتھ خوابگاہ میں نرم اور ہلکی روشنی پیدا کرتی ہیں۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Apne Bedroom Ko Mutasir Kun Andaaz Mein Sajaye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.