Shikasta Bartanon Se Ghar Ki Araish - Article No. 3235

Shikasta Bartanon Se Ghar Ki Araish

شکستہ برتنوں سے گھر کی آرائش - تحریر نمبر 3235

نہیں کوئی چیز نکمی قدرت کے کارخانے میں

بدھ 17 جنوری 2024

روحی غفار
آجکل ہم دیکھتے ہیں کہ اکثر خواتین کا گھریلو سامان سے لگاؤ بڑھتا جا رہا ہے۔وہ ٹوٹی ہوئی اور پرانی اشیاء میں دلچسپی لے رہی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب وہ کچن میں رکھے پرانے کپ یہ کہہ کر ضائع نہیں کرتیں کہ ان میں سے کسی کا ایک آدھ کونہ ٹوٹ گیا ہے یا پلیٹ ٹوٹ گئی تو کپ بیکار ہو گیا ہے یا سیٹ کے دو کپ رہ گئے،باقی سب ٹوٹ گئے۔
کیونکہ اس طرح خاتون خانہ کے دل سے ایک ہوک سی اٹھتی ہے،وہ آہ بھر کر اپنے شاندار اور دیدہ زیب ٹی سیٹ کو دیکھتی رہ جاتی ہیں مگر اب نہیں۔اب وہ کوشش کرتی ہے کہ ہر ایسے ٹی کیس اور پلیٹ کو گھریلو آرائش کیلئے استعمال کرے جن سے گھر کی رونق میں اضافہ ہو۔یہ سب آپ بھی کر سکتی ہیں۔مگر کیسے اور کیونکر؟آئیں سیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)


میک اپ اسٹینڈ:
یہ پرانے یا ٹوٹے ہوئے برتنوں کا ایک اور بہتر استعمال ہو سکتا ہے۔

بس یہ دیکھ لیجئے کہ کسی برتن کے کنارے نہ ٹوٹے ہوں۔بد رنگ وضع کا نہ ہو اور ڈیزائن خوبصورت ہے تو اسے ضائع نہ کریں۔پلیٹ،پیالے اور کپ کچھ بھی روزمرہ کی آرٹیفیشل جیولری کو ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کر لیجئے۔
اسٹیشنری باکس:
کپ اور گلاس کو ہولڈر کے طور پر استعمال کر لیجئے۔دفاتر اور کئی گھروں میں بھی مگ میں اسٹیشنری اور ضروری اشیاء وغیرہ محفوظ کی جاتی ہیں اور یہ اشیاء کمرے کی رونق بڑھا دیتی ہیں۔

ٹی کپ کینڈلز:
خوشبودار موم بتیاں گھریلو آرائش کے جمالیاتی پہلو کو نمایاں کرتی ہیں۔یہ آپ کے حسن نظر کی اور بھی عکاسی کریں گی جب آپ پورے ٹی سیٹ سے ایک یا دو باقی رہ جانے والے ٹی کیس میں خوشبودار موم ڈال کر مختلف رنگوں کی چھوٹی موم بتیاں روشن کریں گی۔اس تیار شدہ کیس کو آپ کسی عزیز ہستی کو تحفتاً بھی دے سکتی ہیں بجائے بازار میں یکساں سے کینڈل اسٹینڈ لینے کے آپ خود تحفہ تیار کیجئے اور اپنے خلوص و چاہت کا اظہار یوں بھی کیا جا سکتا ہے۔

باغ میں کشش کا سامان:
کسی مضبوط دھات یعنی سرامک یا چینی کا خوشنما کپ اکیلا رہ جائے تو کیا اسے ضائع کر دینا ہی واحد حل ہے؟ہر گز نہیں،آپ اسے لان یا برآمدے کے آس پاس یا اگر لان کا کچھ حصہ میسر ہے تو یہاں اسے برتن میں صرف ایک سوراخ کر کے تلسی،روزمیری یا کوئی اور چھوٹی سی بوٹی اُگا دیجئے۔سوراخ کرنا اچھا نہ لگے تو مصنوعی پھل،پھول اور سادہ پتیاں سجائیے۔
کپ میں چھوٹی چھوٹی کنکریاں بچھائیے اور اس پر مصنوعی درخت یا کپڑے کا پھول فکس کر دیجئے۔آپ کے گھر کے کسی بھی حصے میں رکھا یہ ننھا منا باغیچہ زیبائش اور تزئین کی سحرکاری کا تاثر دے گا۔
پرانے برتنوں سے بنائیں گملے:
اگر آپ اپنے گھر میں پودے اُگانا چاہتے ہیں مگر آپ کے پاس جگہ یا گملا نہیں ہے تو پریشان نہ ہوں۔آپ اپنے گھر ٹوٹے برتنوں میں مٹی ڈال کر انھیں ایک خوبصورت گملے میں تبدیل کر سکتے ہیں اور ان میں اپنی پسند کے پھولوں والے پودے بھی لگا سکتے ہیں اس طرح گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا اور برتن بھی ضائع نہیں ہو گا۔

ٹوٹے برتنوں کو جوڑنے کا قدیم فن:
جاپان میں ٹوٹے برتنوں کو جوڑنے کا فن ”کنتسوگی“ یا کنتسو کوروئی“ کے نام سے مشہور ہے جس کا مطلب ”سونے کے جوڑ“ یا ”سونے سے مرمت“ ہے اور اس میں در حقیقت ایسا ہی ہوتا ہے۔کنتسو کوروئی تکنیک کے تحت ٹوٹے برتنوں کو جوڑنے کیلئے سونے،چاندی یا پلاٹینم کے باریک ذرات پر مشتمل سفوف بھی شامل کر لیا جاتا ہے۔
اس طرح جب کوئی ٹوٹا ہوا برتن اپنی سالم حالت میں واپس آتا ہے تو جوڑ والے مقامات پر سونے اور چاندی کی چمک دار لکیریں اسے اور بھی زیادہ خوبصورت بنا دیتی ہیں۔البتہ،ٹوٹے برتن جوڑنے میں سونے‘چاندی یا پلاٹینم کا استعمال کسی ظاہر پرستی کا نتیجہ نہیں بلکہ ”وابی سابی“ نامی فلسفے کا مرہونِ منت ہے۔اس فلسفے کا خلاصہ یہ ہے کہ اس دنیا کی کوئی چیز بھی مکمل اور بے عیب نہیں۔اس لئے ہمیں ہر چیز سے محبت رکھنی چاہیے،خواہ وہ کتنی ہی عیب دار اور بدنما کیوں نہ ہو۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Shikasta Bartanon Se Ghar Ki Araish" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.