Kam Budget Ke Sath Ghar Sajaiye - Article No. 3248

Kam Budget Ke Sath Ghar Sajaiye

کم بجٹ کے ساتھ گھر سجائیے - تحریر نمبر 3248

چھوٹی چھوٹی ٹپس پر عمل درآمد کے ذریعے آپ اپنے گھر کو کم خرچ میں دلکش انداز دے سکتے ہیں

ہفتہ 24 فروری 2024

گھر چھوٹا ہو یا بڑا‘سجا ہوا ہی اچھا لگتا ہے۔گھر کی سجاوٹ‘سجانے والے کی شخصیت اور انداز کی عکاسی کرتی ہے‘یہ آپ کی انفرادیت کا اظہار ہیں اور آپ کے ذوق اور ترجیحات کو ظاہر کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں اب خواہ آپ جدید انداز کا انتخاب کریں یا پھر روایتی انداز کو ترجیح دیں۔گھر کو سجانے کا طریقہ آپ کی شخصیت کا مظہر ہوتا ہے لہٰذا آرائشی اشیاء جیسے آرٹ ورک‘فرنیچر‘قالین اور لائٹنگ فکسچر کو احتیاط سے منتخب اور ترتیب دے کر اپنے گھر کو ایک ایسی جگہ بنا سکتے ہیں جو واقعی آپ کی منفرد شخصیت کی عکاسی کرے۔

آج یہاں ہم گھر کو سجانے کی کچھ ایسی ٹپس بتانے جا رہے ہیں جو یقینا آپ کیلئے کارآمد ثابت ہوں گی۔گھر کی سجاوٹ میں بجٹ بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور بہت سے لوگ اس ذکر سے پریشان نظر آتے ہیں لیکن یہ بھی ایک بہت بڑی غلط فہمی ہے کہ گھر کی سجاوٹ کیلئے لاکھوں روپے درکار ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

گھر کی سجاوٹ مخصوص بجٹ میں بھی کی جا سکتی ہے۔اس طرح کی خریداری کیلئے بچت بازاروں کا رخ بھی کیا جا سکتا ہے کیونکہ وہاں کچن‘بیڈ روم‘ڈرائنگ روم‘ڈائننگ ایریا یا پھر گھر کے کسی بھی حصے کی سجاوٹ کیلئے کم پیسوں میں ہر طرح کی چیزیں آرام سے مل جاتی ہیں۔

کچن گھر کا وہ حصہ ہے جہاں خواتین کا آدھے سے زیادہ دن گزرتا ہے۔پاکستان میں اکثر گھروں میں کچن چھوٹے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے اس کی سجاوٹ تھوڑی مشکل ہوتی ہے۔اگر آپ کا کچن بھی چھوٹا ہے تو کوشش کریں کہ کچن کاؤنٹر پر چیزوں کا ڈھیر نہ لگائیں۔کوشش کریں کہ زیادہ تر اشیاء کیبنٹ یا کسی باکس میں رکھیں تاکہ چیزیں سمٹی رہیں اور کچن خالی لگے۔کوشش کریں کہ کچن میں ایک جیسے اور خوبصورت جار کا استعمال کیا جائے‘کچن میں اگر کوئی کھڑکی ہے تو اسے گلدان سے سجا دیں۔
مزید سجاوٹ کیلئے جگہ جگہ رنگ برنگے نقلی پھل اور سبزیاں بھی لگائی جا سکتی ہیں۔
پاکستان میں چھوٹے گھروں کی تعداد زیادہ ہے‘جس کے باعث بیڈ روم بھی چھوٹے ہی ہوتے ہیں۔اس لئے کوشش کریں کہ کمرے میں رکھے جانے والا فرنیچر زیادہ بڑا اور پھیلا ہوا نہ ہو‘جتنا ممکن ہو سمٹے ہوئے مگر خوبصورت فرنیچر کا انتخاب کریں۔کمرے میں کم سے کم اور صرف ضروری سامان رکھیں تاکہ کمرہ صاف لگے۔
بیڈ کی عقبی دیوار یا کسی بھی ایک دیوار پر خوبصورت فریم لگائیں اس سے کمرہ اچھا لگے گا۔خوشگوار رنگوں کے پردوں کا انتخاب کمرے کو مزید خوشگوار انداز دے سکتا ہے۔کوشش کریں کہ فرنیچر کی پالش ہمیشہ درست حالت میں رہے۔اس سے مجموعی تاثر پر مثبت انداز مرتب ہوتے ہیں۔
ڈرائنگ روم گھر کا وہ حصہ ہے جس سے لوگ اہل خانہ کی شخصیت کا اندازہ لگاتے ہیں اس لئے کوشش کریں کہ گھر کے اس حصے کو نہ صرف صاف بلکہ نسبتاً زیادہ سجا کر رکھیں۔
ڈرائنگ روم کی دیواروں کے رنگ کا چناؤ ایسا کریں کہ وہ ماحول کو خوبصورت بنائے۔صوفوں‘پردوں اور قالین کے خوبصورت ڈیزائن کا انتخاب کر کے بھی ڈرائنگ روم کو دلکش بنایا جا سکتا ہے۔ڈرائنگ روم کی کھڑکی کی طرف کچھ رنگین پھولوں سے آراستہ گلدان کو بھی سجایا جا سکتا ہے۔اپنے بجٹ میں رہتے ہوئے چھوٹے موٹے شو پیس بھی ڈرائنگ روم کا حصہ بنائیں۔

ان دنوں پاکستانی گھروں کو کچھ اس طرح سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے کہ ڈائننگ ایریا اور ٹی وی لاؤنج ساتھ ہی ہوتا ہے‘اس لئے ٹی وی بھی ڈائننگ ایریا میں رکھا جاتا ہے۔ڈائننگ ایریا کی سجاوٹ اس انداز میں کی جانی چاہئے کہ وہ گھر کا سب سے پرسکون حصہ لگے اور سب بیٹھ کر ساتھ کھانے کا لطف لے سکیں۔کھانے کیلئے لکڑی کی ڈائننگ ٹیبل کا انتخاب کریں تاکہ اگر خراب ہو بھی جائے تو دوبارہ پالش اور پینٹ کر کے کارآمد بنایا جا سکے‘ساتھ ہی ڈائننگ ایریا کو پررونق بنانے کیلئے دیواروں پر خوبصورت ڈیزائن کے وال پیپرز بھی لگائیں۔ان چھوٹی چھوٹی ٹپس پر عمل درآمد کر کے یقینا آپ کم خرچ میں اپنے گھر کو ایک دلکش انداز دے سکتی ہیں۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Kam Budget Ke Sath Ghar Sajaiye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.