Naye Rang Dhang Apnain, Apna Ghar Sajaain - Article No. 3276

Naye Rang Dhang Apnain, Apna Ghar Sajaain

نئے رنگ ڈھنگ اپنائیں، اپنا گھر سجائیں - تحریر نمبر 3276

گھر چاہے جیسا بھی ہو، لیکن ایک عورت کے لئے اس کا گھر جنت سے کم نہیں ہوتا اور اس گھر کی سجاوٹ و آرائش کے لئے خواتین ہر وقت تیار رہتی ہیں

منگل 28 مئی 2024

روحی حمید
گھر وہ جگہ ہے جہاں سے ہم دور نہیں رہ سکتے۔یہاں ہم رہتے ہیں، کھاتے پیتے، پڑھتے لکھتے، پیار اور محبت کی فضا میں پلتے بڑھتے ہیں۔اگر گھر میں سکون نہ ہو، کسی بھی وجہ سے طمانیت کا احساس نہ ہو تو شخصیتیں بکھر سی جاتی ہیں۔جہاں پیار محبت، شفقت، خلوص اور احترام بھری چاہتوں کا ہونا ضروری ہے وہیں گھر کی آرائش، صفائی ستھرائی اور زندگی گزارنے کا اسلوب اور طرز بھی اسی قدر تخلیقی اور اسٹائلش ہونا ضروری ہے۔
آپ جہاں رہتے ہیں وہ جائے اماں آپ کی شخصیت کے مختلف زاویوں اور انداز کا پتا دیتی ہے۔ضروری نہیں کہ آپ لاکھوں اربوں روپے خرچ کر کے قیمتی فرنیچر درآمد کرائیں یا جدید تکنیکی مہارتوں سے لیس بجلی کی مصنوعات خریدیں۔آپ چاہیں تو سادگی اور کم بجٹ میں بھی اپنے گھروں کی پُرآسائش، آرام دہ اور بہت حد تک منفرد سجاوٹ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

فطرت نے آپ کو چار موسم عطا کئے اب پانچواں موسم اپنے گھر سے محبت، توجہ، انفرادیت اور ذوق کے اظہار کیلئے خود تخلیق کر لیجئے۔

آپ اندر سے خوش ہوں تو باہر کا موسم آپ ہی آپ سہانا ہو جاتا ہے۔نئے طرز کی تخلیقی جہت کو اپنایئے۔نوجوان اندرونی آرائش کے ماہرین اب اخباری صفحات، کارٹونز، مشہور مقامات کی تصاویر اور تجریدی مصوری کے شاہکار ان کشنز کے Covers پرکندہ کرنے لگے ہیں۔آپ اپنے ذوق اور پسند کے مطابق نئے رنگ ڈھنگ اپنائیں۔پرانا صوفہ نئے غلاف کے ساتھ کمرے کا نقشہ ہی بدل دے گا۔
اگر آپ ماڈرن طرز کے فرنیچر اور جدید رجحان کی آرائشی اشیاء سے اکتانے لگی ہیں تو کبھی شہر میں موجود قدیم ثقافتوں یا لوک ورثے کو محفوظ کرنے والی دکانوں تک چلئے۔یہاں آپ کو عمر خیام کی رباعیوں سے سجے ایسے غالیچے یا تصاویر مل سکتی ہیں جنہیں آپ آراستہ کر سکتی ہیں۔ بعض دفعہ قدیم نوادرات اچھی حالت میں مل جاتے ہیں اور بعض جگہوں پر جدید ساز سامان کو قدیم نوادرات کی شکل دینے کی ہنر کاری بھی آزمائی جا رہی ہوتی ہے۔

اس میں شک نہیں کہ خوبصورت گھر ہر عورت کا خواب، اس کی خواہش اور اس کی تمنا ہوتی ہے۔گھر چاہے جیسا بھی ہو، لیکن ایک عورت کے لئے اس کا گھر جنت سے کم نہیں ہوتا اور اس گھر کی سجاوٹ و آرائش کے لئے خواتین ہر وقت تیار رہتی ہیں۔گھر کو خوبصورت اور جاذب نظر بنانے کے لئے ان کے ذہن میں بہت سے نئے خیالات چلتے رہتے ہیں اور ان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بھی خواتین متحرک رہتی ہیں۔
گھر کو بے شک نت نئے اور مہنگے سامان سے کیوں نہ بھر دیا جائے، لیکن ان کی بے مقصد سجاوٹ، بد سلیقے سے رکھی ہوئی اشیاء اس کی خوبصورتی کو ماند کر دیتی ہیں۔کچھ خواتین تو پرانے فرنیچر اور سادہ سی سجاوٹ کی اشیاء بھی اس محنت اور لگن سے سجاتی ہیں کہ ان میں جان پڑ جاتی ہے اور سادگی میں بھی حسن پیدا ہو جاتا ہے جو ہر دیکھنے والے کے دل پر اثر کرتا ہے۔
سادگی میں بھی اک حسن پوشیدہ ہے۔گھر بڑا ہو یا چھوٹا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، بلکہ آپ کا اعلیٰ ذوق اور انتخاب ہی گھر کو خوبصورت اور جاذب نظر بناتا ہے۔
خوبصورت آئینوں کا انتخاب
گھر کی سجاوٹ میں خوبصورت آئینوں کو بھی اپنے انتخاب کا حصہ بنائیں۔آئینوں کی سجاوٹ گھر کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دیتی ہے۔گھر کو ایک منفرد لک دینے کے لئے آئینوں کا استعمال زبردست ہوتا ہے۔
جگمگ کرتے صاف ستھرے آئینوں کے آگے خوبصورت شو پیس رکھنے سے بھی ابھرنے والا عکس نہایت خوبصورت منظر پیش کرے گا۔ہم سب کو گھر میں آئینوں کی طاقت کا اندازہ پہلے سے ہے۔آئینے بولتے ہیں اور گھر کی سجاوٹ ہو تو آئینے خود بول کر ہر آنے والے کے سامنے آپ کی تعریف کرتے ہیں۔اگر آپ کا کمرہ چھوٹا ہو تو آپ اپنی ذہانت استعمال کر کے اسے بڑا ظاہر کر سکتے ہیں۔
کم کشادہ کمروں کی دیواروں میں خوبصورت آئینے لگا کر اسے وسیع کر سکتے ہیں،اس کے لئے آپ بیضوی، راونڈ اور مربع اشکال میں آئینوں کا استعمال کر سکتی ہیں۔ان سے گھر میں گھٹن کا احساس بھی کم ہو جاتا ہے۔
لائٹس کا استعمال بھی بہترین ہے
ہمیشہ خیال رکھیں کہ آئینہ ایسی جگہ لگائیں کہ روشنی آئینے پر منعکس ہو، تاکہ کمرے میں لگی لائٹس کی روشنی کمرے کو مزید روشن کر دے۔
پھر تو یہ کمرہ آئینوں اور لائٹس کی وجہ سے خوبصورت اور دلکش نظر آئے گا۔اگر یہ آئینے فریم والے ہوں تو اور بھی حسین لگیں گے۔
آپ اپنی خریداری میں جدید اور قدیم طرز کے فریموں کا انتخاب کریں، تاکہ آپ کی چوائس اینٹیک میں شمار ہو۔اس کے علاوہ روز روز ایسے ساز و سامان کی خریداری ممکن بھی نہیں،اسی لئے خواتین کو اپنے بجٹ سے تھوڑا سا آؤٹ ہو کر اس سجاوٹ کے بارے میں سوچنا پڑتا ہے، لیکن ایک بار کی اچھی خریدی ہوئی چیز ہمارے لئے فائدے مند رہتی ہے۔
تھوڑی سی بچت کر کے اور کم معیار کی چیز خرید کر ہم خود نقصان میں رہتے ہیں۔خاتون خانہ کو چاہیے کہ وہ خریداری کرتے وقت دل و دماغ کو کھلا رکھیں اور خاص کر اپنے بجٹ کا خیال رکھیں۔ایسی اشیاء کا انتخاب کریں جو آپ کے شوق کو بھی پورا کرے اور اینٹیک بھی کہلائے۔اس کے علاوہ سالہا سال استعمال بھی ہو۔اکثر خواتین سجاوٹ کے ڈھیر سارے سامان سے گھر کا کونا کونا بھر دیتی ہیں، لیکن گھر میں سامان بھر دینے سے وہ دیدہ زیب نہیں بن سکتا ،یہ سجاوٹ نہیں ہوتی، بلکہ اصل خوبصورتی اس وقت نظر آتی ہے جب اس کے اندر سامان سلیقے اور قرینے سے رکھا جائے۔
اکثر لوگ چھوٹے گھر میں رہنے کے باوجود بڑا فرنیچر خرید لیتے ہیں جس سے گھر مزید گھٹا گھٹا لگتا ہے۔اس کے برعکس اگر آپ تعداد میں کم اور گنجائش میں زیادہ فرنیچر خریدیں گی تو آپ کا گھر بھی سج جائے گا اور اچھا بھی لگے گا۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Naye Rang Dhang Apnain, Apna Ghar Sajaain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.