Sehatmand Jild Roshan Ankhoon Aur Lambe Baalon Ka Raaz - Article No. 3079

Sehatmand Jild Roshan Ankhoon Aur Lambe Baalon Ka Raaz

صحت مند جلد،روشن آنکھوں اور لمبے بالوں کا راز - تحریر نمبر 3079

آپ وہی کچھ ہیں،جو آپ کھاتے ہیں

بدھ 22 فروری 2023

شیخ عبدالحمید عابد
آپ وہی کچھ ہیں،جو آپ کھاتے ہیں یہ مقولہ صرف آپ کی جسمانی ساخت پر ہی لاگو نہیں ہوتا،بلکہ آپ کے چمکتے بال،مضبوط ناخن،روشن آنکھیں،صحت مند جلد اور موتی جیسے دانتوں پر بھی صادق آتا ہے۔ذیل میں بتایا گیا ہے کہ صحت مند جلد،چمکتے دانت،خوبصورت بال،صحت مند ناخن اور روشن آنکھوں کے لئے کون سی غذا مفید اور ضروری ہے۔

جلد انسان کی خوبصورتی اور وجاہت کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔جلد صحت مند نہ ہو تو خوبصورت شخصیت کا حصول ایک خواب ہی رہے گا۔انسانی جلد خلیوں سے ترتیب پاتی ہے۔ان خلیوں کو ان کی غذا فراہم کرنا ضروری ہے۔اچھی جلد کے لئے لحمیات (پروٹینز) ضروری ہیں۔ان کے حصول کے لئے ہمیں گوشت،انڈے،مچھلی اور پنیر کھانا چاہیے۔

(جاری ہے)

ایسی غذا کھانا بہت ضروری ہے،جس میں فولاد شامل ہو،کیونکہ فولاد آپ کے خون کو یہ طاقت مہیا کرتا ہے کہ وہ اوکسیجن کو جلد کے خلیوں تک پہنچا دے۔

فولاد کلیجی اور پالک میں زیادہ ہوتا ہے۔
حیاتین الف (وٹامن اے) کھانی بھی ضروری ہے۔حیاتین الف مچھلی کے تیل،سبزیوں،دودھ،گاجر،پالک اور آم میں پائی جاتی ہے۔
چمکتے دانت
صاف ستھرے دانت آپ کی شخصیت کی خوبصورتی کی بنیاد ہیں۔میلے دانت اور بُو دار منہ آپ کی پوری شخصیت تباہ کر دیتے ہیں۔دانت جسم کے مضبوط ترین مادے کیلشیم فاسفیٹ سے بنتے ہیں۔
آپ کے جسم کی ہڈیاں بھی اسی مادے سے بنتی ہیں۔جسم میں حیاتین الف کی کمی بھی مادے کی تشکیل میں رکاوٹ بنتی ہے۔دانتوں اور مسوڑھوں کو بھی ورزش کی ضرورت ہوتی ہے۔چنانچہ ایسی غذا کھانی ضروری ہے،جس میں دانتوں کو محنت کرنی پڑے،جیسے گاجر،گنڈیری وغیرہ۔کیلشیم حاصل کرنے کے لئے دودھ کے علاوہ دہی،مکھن،پنیر،کلیجی اور ہڈیوں کا گودا کھائیں۔غذا ہمیشہ چبا کر کھائیں۔

خوبصورت بال اور ناخن
صحت مند بال حسن میں اضافہ کرتے ہیں۔صاف ستھرے ناخن بھی آپ کی صحت اور شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں۔بالوں کا باہر سے نہیں،بلکہ اندر سے صحت مند ہونا ضروری ہے۔بال اور ناخن دونوں بڑھتے ہیں اور آپ کے خون سے غذا حاصل کرنے کے محتاج ہوتے ہیں۔دونوں کو صحت مند رکھنے کے لئے گوشت،مچھلی،انڈے،پنیر اور بے چھنا اناج کھانا ضروری ہے۔
زیادہ شکر کھانا آپ کے بالوں،ناخنوں اور دانتوں کے لئے نقصان دہ ہے۔حیاتین ب (وٹامن بی) والی اشیاء زیادہ کھانی چاہییں۔
روشن آنکھیں
آنکھ کے لئے چھ عضلات کام کرتے ہیں۔ہر آنکھ میں ایسے خلیات ہوتے ہیں،جو دیکھنے میں مدد دیتے ہیں۔آنکھوں کی صحیح کارکردگی اور خوبصورتی کے لئے روزانہ متوازن غذا کھانی ضروری ہے۔آپ کی آنکھوں کو سب سے زیادہ حیاتین الف اور ب کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ حیاتین د (وٹامن ڈی) اور کیلشیم کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
حیاتین ”د“ کھانے والے افراد کی بینائی اچھی ہوتی ہے۔حیاتین الف کے لئے سبزیاں اور پھل کھانے چاہییں،مثلاً گاجر،آم،املوک وغیرہ۔اس کے علاوہ مچھلی کا تیل،کلیجی،دودھ،پالک،گندم،گڑ،لیموں،ٹماٹر،سنگترہ وغیرہ بھی کھانا ضروری ہے۔حیاتین ”د“ حاصل کرنے کے لئے مچھلی کا تیل اور کلیجی کھانی چاہیے۔اس کے علاوہ روزانہ صبح کی دھوپ میں بھی بیٹھنا چاہیے۔آنکھوں کی حفاظت اور صحت کے لئے بہترین ورزش یہ ہے کہ دونوں آنکھوں کو ہتھیلیوں سے ڈھانپ لیں اور اس اندھیرے میں غور سے چند منٹ دیکھنے کی کوشش کریں۔یہ معمولی اور سادہ سی ورزش آنکھوں کے لئے بہت مفید ہے۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Sehatmand Jild Roshan Ankhoon Aur Lambe Baalon Ka Raaz" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.