Eyebrows Ko Ghana Banane Ke Nuskhe - Article No. 3226

Eyebrows Ko Ghana Banane Ke Nuskhe

بھنوؤں کو گھنا بنانے کے نسخے - تحریر نمبر 3226

بالوں اور بھنوؤں کی عمدہ نشوونما کے لئے پروٹین سے بھرپور کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں

ہفتہ 23 دسمبر 2023

باریک بھنوؤں کا فیشن ختم ہوا اب فیشن کی دنیا میں گھنی بھنوؤں کا راج ہے۔دراصل مغرب میں گھنی بھنوؤں والی ماڈلز کے آنے کے بعد پوری دنیا میں گھنی بھنوؤں کے جس چلن کا آغاز ہوا ہے اس نے پاکستان کی ماڈلز اور اداکاراؤں کو بھی متاثر کیا ہے۔اگر آپ کی بھنویں مروجہ اصولوں کے مطابق گھنی نہیں تو آپ آسان قدرتی طریقوں پر عمل کر کے اپنی مہین بھنوؤں کو گھنا بنا سکتی ہیں۔

ناریل کا تیل
اس میں وٹامن E کے علاوہ پروٹین اور فولاد بھی پایا جاتا ہے۔جو گھنے اور صحت مند بالوں کے لئے نہایت مفید ہیں۔یہ تیل بالوں کو عمومی طور پر گہری رنگت عطا کرتا ہے۔آپ ناریل کے تیل کو روئی میں لگا کر بھنوؤں پر ملیں۔اس جگہ پر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں پھر رات بھر کے لئے یونہی رہنے دیں۔

(جاری ہے)

صبح نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

دو ماہ تک روزانہ یہ عمل کریں۔آپ خود تبدیلی کو محسوس کریں گی۔اس تیل کی خوشبو سے نہ صرف نیند اچھی آتی ہے۔بلکہ یہ نہایت سستا اور ہر گھر میں پایا جانے والا تیل ہے۔
زیتون کا تیل
یہ تیل بھی بھنوؤں کو گھنا اور گہری رنگت کا کرنے میں نہایت مفید ہے۔اس میں موجود وٹامن E سے بال بہت جلد گھنے ہو جاتے ہیں اور تیزی سے بڑھتے ہیں۔
روزانہ بھنوؤں پر تیل لگا کر 5 منٹ مساج کر کے سو جائیں۔اگلے دن پانی سے منہ دھو لیں مطلوبہ نتائج آنے تک یہ عمل جاری رکھیں۔
ویسلین
آپ کے ہونٹوں اور جلد کو شگفتہ رکھنے کے علاوہ بھی ویسلین بہت سے کام انجام دیتی ہے۔بھنوؤں اور پلکوں پر ویسلین لگانے سے نہ صرف ان کی شیپ بہترین ہوتی ہے بلکہ گھنے پن اور لمبائی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
ویسلین میں پایا جانے والا موئسچرائزر بالوں کو گھنا کرتا ہے اور بھنوؤں کے اوپر والی جلد کو شگفتہ رکھتا ہے۔ویسلین لگانے کے لئے چہرے کو میک اپ سے صاف کر کے نیم گرم پانی سے دھو لیں اور تھپتھپا کر خشک کر لیں۔روئی کی مدد سے ویسلین کو اوپر کی جانب کرتے ہوئے بھنوؤں پر لگا لیں۔رات بھر کے لئے لگا رہنے دیں۔دن میں دو بار یہ عمل کریں۔ویسلین میں موجود پیٹرولیم نمی کو جلد کے اندر داخل کر دے گا۔
جلد کو غذائیت ملنے سے جلد کھل اُٹھے گی اور بھنوؤیں بھی گھنی ہو جائیں گی۔
انڈے کی زردی
بالوں کا بنیادی جز کیراٹین ہے۔یہ پروٹین کی ایسی قسم ہے جو انڈے میں بھی پائی جاتی ہے۔یہ بالوں کی عمومی صحت بہتر بناتا ہے۔انڈے کی زردی کو بھنوؤں پر لگانے کے بھی بعینہ وہی فوائد ہیں جو بالوں کے لئے ہیں۔یہ بھنوؤں کو گھنا بناتی ہے۔
ایک انڈے کو توڑ کر زردی علیحدہ کر لیں۔زردی کو اتنا پھینٹیں کہ گاڑھی ہو جائے پھر روئی کی مدد سے زردی کو بھنوؤں پر لگا لیں۔پندرہ منٹ کے بعد روئی کے پھائے کو گیلا کر کے صاف کر لیں۔ہفتہ میں دو مرتبہ یہ عمل دہرائیں۔جب توقع کے مطابق نتائج حاصل ہو جائیں تو اس طریقے پر عمل درآمد روک دیں۔
ارنڈی کا تیل
بالوں کی نشوونما کے لئے جمیکا کی سیاہ ارنڈی کا تیل بہت مشہور ہے۔
اس تیل میں وٹامنز‘پروٹین اور فیٹی ایسڈ پائے جاتے ہیں اور یہ سب بالوں کی خوراک ہیں۔یہ بالوں کی عمدہ نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔یہ تیل لگانے کے لئے چہرہ بالکل صاف ہونا چاہیے۔پہلے نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔روئی کے پھائے کو تیل میں ڈبو کہ زائد تیل نچوڑ دیں اور روئی کو بھنوؤں پر ملیں تین منٹ تک بھنوؤں پر تیل سے مساج کریں۔
رات بھر کے لئے تیل بھنوؤں میں لگا رہنے دیں۔صبح نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔
دودھ
پروٹین سے بھرپور دودھ بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتا ہے۔ایک برتن میں تھوڑا سا دودھ لے کر اس میں روئی کا پھایہ بھگو لیں اور بھنوؤں پر اچھی طرح لگا دیں۔خشک ہونے دیں اور پھر دھو لیں۔روزانہ ایک مرتبہ یہ عمل کریں۔
گھیگوار
کیراٹن سے بھرپور گھیگوار بالوں کی نشوونما بہتر بناتا ہے۔
بالوں کو لچک فراہم کرتا ہے اور ٹوٹنے سے بچاتا ہے گھنی بھنوؤں کے لئے گھیگوار کے پتے میں سے جیل نکال کر بھنوؤں پر اس کا مساج کر لیں 30 منٹ تک جیل بھنوؤں پر لگی رہنے دیں پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔یہ عمل 6 ہفتوں میں روزانہ کریں۔حسب منشا نتائج حاصل ہوں گے۔
متوازن خوراک
بالوں اور بھنوؤں کی عمدہ نشوونما کے لئے متوازن خوراک کا استعمال نہایت ضروری ہے۔خاص طور پر وٹامن C,A اور E سے بھرپور خوراک کے علاوہ پروٹین سے بھرپور اشیاء مثلاً پنیر‘ٹوفو اور دہی کو روزانہ کی خوراک کا حصہ بنائیں۔متوازن خوراک بالوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آپ کو بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Eyebrows Ko Ghana Banane Ke Nuskhe" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.