Gardan Tawaja Chahti Hai - Article No. 3078

Gardan Tawaja Chahti Hai

گردن توجہ چاہتی ہے - تحریر نمبر 3078

گردن کی صفائی اور حفاظت کی جائے،کیونکہ اگر اس کی صفائی اور حفاظت نہ کی جائے تو وہ عمر کا راز بیان کر دیتی ہے

منگل 21 فروری 2023

نسرین چاہین
خواتین عام طور پر اپنی خوبصورتی کا محور تین اعضا کو سمجھتی ہیں،یعنی چہرہ،ہاتھ اور پاؤں۔یہ بات درست ہے کہ ان اعضا کا خوبصورت ہونا ضروری ہے،لیکن وہ اس بات کو بھول جاتی ہیں کہ چہرے اور ہاتھوں کے درمیان جسم کا ایک اہم حصہ گردن بھی ہے۔ضروری ہے کہ گردن کی صفائی اور حفاظت کی جائے،کیونکہ اگر اس کی صفائی اور حفاظت نہ کی جائے تو وہ عمر کا راز بیان کر دیتی ہے۔

لمبی،صاف ستھری،صاف اور صراحی دار گردن حُسن کا ایک اہم حصہ ہے۔خوبصورتی کی دنیا میں اسے بہت اہمیت دی جاتی ہے۔بڑھتی عمر کا اثر سب سے پہلے ہماری گردن پر ہی ہوتا ہے،جس کا ہمیں اندازہ بھی نہیں ہو پاتا۔کسی بھی خاتون کی عمر کا اندازہ عموماً اس کی گردن سے لگایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اکثر و بیشتر گردن کی دیکھ بھال سے غفلت برتی جاتی ہے،حالانکہ اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،کیونکہ اس کی نمی بہت جلد خشک ہو جانے کے باعث اس پر جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں۔

گردن کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنے سے ایک دن یہ شکستگی کا شکار ہو جاتی ہے اور خواتین چہرے سے زیادہ عمر کی لگنے لگتی ہیں۔
جسم کے اس نازک حصے کی دیکھ بھال بہت ضروری ہے۔اس حوالے سے یہ بات جاننا اہم ہے کہ کیا گردن کی جلد،چہرے کی جلد سے مختلف ہوتی ہے؟دراصل پیدائش کے وقت دونوں میں کوئی فرق نہیں ہوتا،لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان میں تبدیلی آ جاتی ہے۔
اگر گردن کی حفاظت اچھی طرح سے نہ کی جائے تو اس میں تین خامیاں پیدا ہو جاتی ہیں،جو ذیل میں درج کی جا رہی ہیں:
گردن کی نمی کو برقرار رکھنے والی تہ بہت کمزور ہوتی ہے اور اسے روکنے میں کامیاب نہیں رہتی۔
گردن کی جلد کو رنگ دینے والے خلیے (سیلز) بہت کم ہو جاتے ہیں۔
ایپی ڈرمس (EpiDermis) اور ڈرمس (Dermis) نامی جلد کی دو تہیں بہت باریک ہوتی ہیں اور اس لئے وہ جلد کی نمی کو بخارات بننے سے نہیں روک پاتیں،اس لئے نمی کا خشک ہو جانا ایک سنگین مسئلہ ہے۔

آسٹریلیا کی کہاوت ہے کہ ”گھوڑے کی عمر اس کے دانتوں سے اور عورت کی عمر اس کی گردن سے معلوم ہو جاتی ہے۔“اگر پورے جسم کی خوبصورتی اور صحت کا خیال رکھا جائے تو بڑھتی عمر کے اثرات گردن پر یا تو واضح نہیں ہوتے یا بہت دیر میں نمودار ہوتے ہیں۔ہماری گردن بھی جلدی امراض کا شکار ہو سکتی ہے۔اگر گردن پر خارش کا اثر ہے تو تمام زیورات اُتار دیں اور جلد کے کسی ماہر سے رجوع کریں۔
اس بات کی جانچ بھی کریں کہ قمیض کا کالر،لیبل،فر (Fur) یا نائلون کے دھاگے جلد پر جلن یا دانے تو پیدا نہیں کر رہے ہیں۔گردن امراض کے لئے آسان شکار اسی لئے ہوتی ہے کہ اس کے ساتھ بے ترجہی برتی جاتی ہے۔اکثر خواتین کی گردن پر گول گول دائرے پڑنے لگتے ہیں،کیونکہ گردن کی جلد بہت باریک ہونے کے باعث بیرونی اثرات کے لئے حساس ہوتی ہے،جیسے دھوپ یا درجہ حرارت میں تبدیلی وغیرہ۔
وقت گزرنے کے ساتھ گردن کے پٹھے لوچ کھو دیتے ہیں اور لچک دار پٹھے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگتے ہیں۔پہلے جھریاں نمودار ہوتی ہیں اور گردن کی حرکت کے ساتھ اور بھی گہری ہو جاتی ہیں۔اس کے علاوہ جلد سے نمی کا اخراج بڑھ جاتا ہے۔
اکثر خواتین یہ بھول جاتی ہیں کہ گردن کو بھی صفائی،موئسچرائزر اور دوسری حفاظتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔چہرے کے مقابلے میں گردن کو کئی طرح حرکت بھی کرنی پڑتی ہے،اس لئے خواتین کو جھریاں دور کرنے والی ورزش اور درست سامانِ آرائش حُسن استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
گردن کی حفاظت کے لئے موئسچرائزر،نائٹ کریم اور تیل کا استعمال کریں۔ان اشیاء کو استعمال کرنے سے پہلے جلد کو صفائی کرنے والی کریم،ماسک اور الکحل سے پاک ٹونر کی مدد سے صاف کر لیں۔
گردن کے لئے بازار میں خصوصی کریمیں دستیاب ہیں،جو زیادہ موٴثر ہوتی ہیں،کیونکہ ان کے اندر زیادہ فعال اجزاء شامل ہوتے ہیں۔گردن کی جلد پر چہرے کے مقابلے میں دیر میں بڑھاپا نمودار ہوتا ہے،لیکن جب نمودار ہو جائے تو پھر بہت زیادہ ہوتا ہے۔

عمومی اور خصوصی طور پر میک اپ کے وقت اپنی گردن کو نظر انداز نہ کریں،کیونکہ میک اپ کی مدد سے گردن کی خامیوں کو چھپایا جا سکتا ہے۔خراب اثرات کو کم کرنے کے لئے گردن پر گہرے شیڈ والی فاؤنڈیشن استعمال کریں۔بہت لمبی گردن کو چھوٹی دکھانے کے لئے ہلکے شیڈ کی فاؤنڈیشن استعمال کریں اور بڑے بڑے جھمکے پہنیں۔
اگر گردن موٹی ہے تو اسے پتلی دکھانے کا طریقہ یہ ہے کہ ہلکا فاؤنڈیشن سامنے کی طرف اور گہرا فاؤنڈیشن گردن کے دونوں اطراف میں لگایا جائے تو اس طرح سے گردن پتلی دکھائی دے گی۔
اپنی گردن پر فالتو گوشت اور چربی نہ جمع ہونے دیں۔ہفتے میں ایک بار اس پر کولڈ کریم کی مالش ضرور کریں یا ناریل کا تیل مالش کے لئے استعمال کریں۔مساج کرتے وقت ہاتھوں کو نیچے سے اوپر کی طرف حرکت دیں۔خشک جلد کے لئے یہ عمل بہت مفید ہے۔
ذیل میں چند مفید و اہم ورزشوں سے متعلق معلومات دی جا رہی ہیں،جو گردن کو سڈول اور مضبوط بنانے میں بڑی حد تک مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

سیدھی کھڑی ہو کر اپنے ہاتھ کمر پر رکھ لیں۔اپنی گردن کو چاروں طرف گھمائیں۔پہلے بائیں طرف اس کے بعد دائیں طرف۔اس طرح گردن میں لچک پیدا ہو جائے گی۔
اپنے جبڑے کو اندر کی طرف لے جائیں،پھر پہلی پوزیشن پر لے آئیں۔اس ورزش سے گردن پر دباؤ پڑے گا اور یہ دباؤ گردن کے عضلات کو موٹا ہونے سے بچائے رکھے گا۔
غسل کرنے سے پہلے دس دفعہ انگریزی کا حرف ”اے“ اور ”او“ بولیں۔
اس طرح آپ کے گال اور آپ کی گردن کی بناوٹ پر ہونٹوں کی اس حرکت سے اچھا اثر پڑے گا اور وہ خوبصورت اور جاذب نظر دکھائی دیں گے۔
سیٹی بجانے کے انداز میں سانس اندر لیں اور خارج کریں۔سیدھی کھڑی ہو کر اپنی گردن کو آگے اور پیچھے حرکت دیں۔
فرش پر بیٹھ کر اپنی ٹانگیں الگ الگ کر کے پھیلا لیں اور جھک کر ہتھیلیاں فرش پر ٹکا دیں۔اس طرح بیٹھیں کہ آپ کو بے چینی نہ ہو اور آپ آرام محسوس کریں۔جہاں تک ممکن ہو،اپنے سر کو دائیں بائیں طرف لے جائیں،پھر سامنے لے آئیں۔یہ عمل کئی بار کریں۔اس کے بعد سر کو بائیں طرف لے جائیں،اس عمل سے گردن میں لچک پیدا ہو جائے گی۔یاد رکھیے ایک لچک دار گردن بہت خوبصوت دکھائی دیتی ہے۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Gardan Tawaja Chahti Hai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.