Tumhari Zulf Main Pohanchi Tu Hussn Kehlai - Article No. 2482

Tumhari Zulf Main Pohanchi Tu Hussn Kehlai

تمہاری زلف میں پہنچی تو حسن کہلائی - تحریر نمبر 2482

دلکش بالوں کیلئے ماہرین کی رائے جانیں

ہفتہ 12 دسمبر 2020

راحیلہ مغل
خواتین کے لئے خوبصورت بالوں کے بغیر خوبصورتی کا تصور نامکمل ہے۔اسی لئے حسین اور منفرد نظر آنے کے لئے جہاں میک اپ کے نت نئے انداز اپنائے جاتے ہیں وہیں بالوں کی سٹائلنگ پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ہیئر اسٹائل بھی فیشن کی دنیا کا ایک اہم حصہ مانا جاتا ہے ۔جب خواتین میں کوئی ہیئر اسٹائل مقبول ہوتا ہے تو دیکھا دیکھی دیگر خواتین بھی اسی اسٹائل کو اپنانے میں دیر نہیں کرتی ہیں۔
فی زمانہ ایسا ہیئر اسٹائل فیشن کی دنیا میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے جو بکھرے اور الجھے بالوں کا تاثر پیش کرے اس ہیئر اسٹائل کو میسی بریڈ ہیئر اسٹائل کہا جاتا ہے۔آج کی خواتین اپنے بالوں کو لے کر بہت پر جوش رہتی ہیں کوئی بھی تقریب ہو لڑکیاں اپنے بالوں کو بنا سنوار کے رکھتی ہیں مختلف ہیئر اسٹائل بناتی ہیں بالوں کے ہیئر اسٹائل ہی انسان کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)


میسی بریڈ ہیئر اسٹائل،شام کے کسی بھی پروگرام میں شرکت کیلئے موزوں سمجھا جاتا ہے۔اس اسٹائل کو بنانے میں وقت بھی زیادہ نہیں لگتا۔دو چوٹیوں پر مشتمل یہ ہیئر اسٹائل بنانے کیلئے بالوں کا پھولا ہوا دکھائی دینا ضروری ہوتا ہے اس کیلئے مخصوص شیمپو کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن یاد رکھیں کنڈیشنر قطعی استعمال نہ کریں کیونکہ اس سے آپ کے بال سلکی ہو جائیں گے۔
بالوں کو ڈرائر سے خشک کریں اور درمیان سے مانگ نکالیں۔اب دونوں جانب ڈھیلی ڈھالی فش ٹیل چوٹی بنائیں اور چوٹیوں کے سروں پر ربر بینڈ لگائیں۔اب دونوں چوٹیوں کو میسی لک یعنی بکھرا بکھرا تاثر دینے کیلئے ان میں سے کچھ بالوں کی لٹیں باہر نکال لیں۔اس کے بعد دونوں چوٹیوں کو سر کے اوپر سے گھماتے ہوئے ایک دوسرے کی مخالف سمت میں لے جائیں اور ان کے سروں کو اندر کی جانب دبا کر بوبی اور یو ہیرپنس کی مدد سے سیٹ کریں بس میسی بریڈ ہیئر اسٹائل تیار ہو گیا ہے۔
اس اسٹائل پر آپ کسی بھی تقریب میں طمطراقی کے ساتھ شرکت کر سکتی ہیں ۔یقینا تمام شرکائے محفل کی نظریں آپ کے ہیئر اسٹائل پر مرکوز رہیں گی۔
جن خواتین کے بال قدرتی طور پر سلکی اور سیدھے ہوتے ہیں وہ کوئی بھی اسٹائل بڑی سہولت سے بنا سکتی ہیں مگر وہ خواتین جن کے بال گھنے ، گھنگریالے اور فریزی ہوں انہیں اپنے بالوں کی سٹائلنگ کے لئے سٹریٹنر کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ سٹریٹنرز گھنگریالے اور فریزی بالوں کو وقتی طور پر پرفیکٹ لُک تو دے دیتے ہیں مگر بالوں کو کتنا نقصان پہنچاتے ہیں اس کا اندازہ اس وقت ہوتا ہے جب آپ کے بالوں کا ٹیکسچر تبدیل ہونے لگتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یوں تو مارکیٹ میں ہر برینڈ کا سٹریٹنر دستیاب ہے لیکن ضروری ہے کہ اچھی کوالٹی کو مدنظر رکھا جائے،کیونکہ سٹریٹنر کو زیادہ ہیٹ پر سیٹ کرنے سے بال جل جاتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ 450 سے 480 ڈگری کے درمیان ایڈجسٹ کیا جائے۔
اس سے زیادہ ٹمپریچر پر بال ڈیمج ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ دیکھا جائے تو سٹریٹنر کا کام استری جیسا ہی ہے،بالوں کو جتنی ہیٹ ملے گی اتنے ہی بال متاثر ہوتے ہیں اور ان کا ٹیکسچر بھی بدل جائے گا۔لیکن اگر بالوں کو سٹریٹ کرنے سے پہلے ہیئر سیرم لگا لیا جائے تو اس سے بال نہ صرف نرم و ملائم اور چمکدار لگیں گے بلکہ زیادہ دیر تک سٹریٹ بھی رہیں گے۔
آج کل بالوں کو رنگنا فیشن میں کافی ان ہے لیکن کیا ان ہیئر کلر ز سے بال کمزور ہو سکتے ہیں؟اس سوال کے جواب میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیئر کلرز بالوں کو اتنا نقصان نہیں پہنچاتے جتنا سٹریکنگ،کیونکہ سٹریکنگ میں ایسے کیمیکلز کا استعمال کیا جاتا ہے جو بالوں کو کمزور کر دیتے ہیں۔
اکثر خواتین بالوں میں خشکی اور بال گرنے کی وجہ سے بھی پریشان رہتی ہیں،اس مسئلے سے کیسے چھٹکارہ پایا جا سکتا ہے اس حوالے سے ماہرین بتاتے ہیں کہ ’وٹامن ای کے کیپسول کو بادام،زیتون کے تیل میں ملا کر لگانے سے بال گرنا بند ہو جاتے ہیں اور چونکہ یہ بالوں کو موئسچرائز کرتا ہے اس لئے آپ کی سکالپ خشک نہیں ہوتی اور ڈینڈرف کا مسئلہ بھی ختم ہو جاتا ہے۔
اس کے علاوہ بالوں کو سرکے سے دھویا جائے تو بھی خشکی ختم ہو جاتی ہے اور بال چمکدار ہو جاتے ہیں۔بالوں کے دو شاخہ ہو جانے کی وجہ سے بھی بال ٹوٹنے لگتے ہیں اس لئے ہر تین سے چار ماہ بعد ٹریمنگ بہت ضروری ہے۔خیال رہے کہ بالوں پر کوئی بھی تجربہ کرنے سے پہلے ماہرین سے مشورہ کر لیں کیونکہ کسی بھی قسم کا ٹوٹکا آزمانے سے آپ کی جلد اور بالوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بہرحال موجود رہتا ہے۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Tumhari Zulf Main Pohanchi Tu Hussn Kehlai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.