Khobsorat Nakhun Or Nail Painting - Article No. 2331

Khobsorat Nakhun Or Nail Painting

خوبصورت ناخن اور نیل پینٹنگ - تحریر نمبر 2331

خوبصورت تراشے ہوئے ناخن نہ صرف خوبصورت اور دلکش نظر آتے ہیں بلکہ وہ اچھے اور معیاری حفظان صحت کی علامت بھی قرار دیئے جاتے ہیں ۔

منگل 14 اپریل 2020

رابعہ گل
ہزاروں سال قبل سے لے کر آج تک مرد اور خواتین نہ صرف اپنے ہاتھوں اور ناخنوں کی دیکھ بھال کرتی چلی آرہی ہیں بلکہ انہیں مزید صحت مند اور خوبصورت بنانے کے لئے مختلف قسم کی مصنوعات بھی ایجاد کرتی رہی ہیں ۔خوبصورت تراشے ہوئے ناخن نہ صرف خوبصورت اور دلکش نظر آتے ہیں بلکہ وہ اچھے اور معیاری حفظان صحت کی علامت بھی قرار دیئے جاتے ہیں ۔
آج مرداور عورت دونوں ہی خوبصورت تراشے ہوئے ناخن رکھتے ہیں ۔اس مضمون میں ہم وہ ترکیب بتا رہے ہیں جس پر مرحلہ وار عمل کرکے گھر آپ بیٹھے ناخنوں کو خوبصورت اور دلکش بنا سکتی ہیں۔
ان سادہ طریقوں پر عمل کرکے آپ مختلف خوش نما رنگوں میں ناخنوں کو ترتیب دے سکتی ہیں ،اس میں ناخن تراشنے کے بنیادی اصولوں سے لے کر پیچیدہ فنون کا تذکرہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

آپ کے ناخنوں کی خوبصورتی پر بحیثیت مجموعی پورے جسم کی خوبصورتی کا انحصار ہے ۔ناخنوں کو خوبصورت بنا کر نہ صرف آپ خوبصورت نظر آئیں گی بلکہ اندر سے بھی بہتر اور زیادہ خوشی محسوس کریں گی۔
ناخنوں کی ساخت
ناخن تراشنے کی ابتداء کرنے سے قبل آپ اپنے ہاتھوں کے ناخن کی ساخت کے بارے میں تھوڑا بہت علم ضرور حاصل کرلیں ،یہ عمل حاصل کرنے کے بعد آپ سمجھ سکیں گی کہ ناخنوں کی دیکھ بھال کے لئے بتائے گئے اصول اور طریقے کیوں اہم ہیں ۔
ناخنوں کی اس پلیٹ کو نیل پلیٹ کہتے ہیں ۔یہ جلد کے مردہ خلیوں سے مل کر بنتے ہیں جنہیں کیراٹن کہتے ہیں ۔ان خلیوں کو پروٹین کا بنا ہوا ایک گوند مضبوطی سے چپکا کر رکھتا ہے نیل پلیٹ کیوٹیکل سے نکل کر سامنے کی سمت بڑھتا رہتاہے۔ ان کا کام انگلیوں کے پوروں کی حفاظت کرنا ہے۔ ناخن کا وہ سرا جو انگلیوں کے پوروں سے بھی آگے کی سمت بڑھتا ہے فری ایج کہلاتاہے۔

نیل پلیٹ
ناخن کے نیچے ملائم گوشت ہے جو خلیوں اور نسیجوں پر مشتمل ہے ،اسے ”نیل بیڈ“ کہتے ہیں یہ ایک خصوصی پھسلنے والی جلد کا بنا ہے جو بڑھتے ہوئے ناخن کو آگے کی سمت پھسلنے میں مدد دیتی ہے ۔صحت مند نیل بیڈ عموماً گلابی رنگ کی ہوتی ہے ۔کیونکہ اس کے اندر خون کی باریک رگیں گزرتی ہیں جو انھیں غذائیت بہم پہنچاتی ہیں ۔

نیل گرووز
نیل پلیٹ کے سروں کے وہ حصے ہیں جہاں ناخن کے یہ سرے انگلیوں کی کنارے کی جلد سے ملتے ہیں ۔یہ بھی ناخن کو بڑھتے وقت آگے کی سمت پھسلنے میں مدد دیتے ہیں۔
میٹرکس
ناخن کے بڑھنے کا مرکز ہے یہ انگلی کی پیلی گانٹھ کی جلد کے اندر واقع ہے اس کے اندر لمف غدود ،اعصاب اور خون کی باریک رگیں موجود ہیں جن کے ذریعہ ناخن بنتاہے ۔
کیونکہ اس جگہ ناخن کی تیاری ہوتی ہے لہٰذا اس بات کی احتیاط کریں کہ اس نازک مرکزی حصہ کو کبھی نقصان نہ پہنچے، میٹرکس کو نقصان پہنچ جانے کی صورت میں ناخن ہمیشہ کے لئے بد شکل ہو جائے گا۔
کیوٹیکل
وہ جلد ہے جو میٹرکس کے اوپر قائم ہے اور نقصان پہنچنے سے اس کی حفاظت کرتی ہے یہ ایک ہوا بند اور پانی بند سیل ہے جو بیکٹیریا اور جراثیموں کو میٹرکس میں داخل ہونے سے روکتی ہے کیوٹیکل کو نہ تو کبھی کاٹنا چاہیے اور نہ ہی اسے ہٹانا چاہئے کیونکہ یہ میٹرکس کو انفیکشن سے بچانے کے لئے ضروری ہے۔

ہینگ نیلز
وہ لٹکی ہوئی کھال ہے جو ناخن کے کناروں سے الگ ہو جاتی ہے مخروطی، گول، مربع اور نوکیلے آپ جو بھی شکل اختیار کریں اس کا انحصار آپ کے ناخنوں کی بناوٹ اور خود آپ کی پسند پر ہے۔ سب سے زیادہ عام شکل مخروطی ہے جس کے لئے ناخن کی زیادہ لمبائی کی ضرورت ہے یہ خوبصورت شکل انگلیوں کو زیادہ پتلا بنا دیتی ہے ۔گول شکل عموماً نسبتاً چھوٹے ناخنوں پر اختیار کی جاتی ہے اس شکل کے ناخن تراشنے سے لمبی انگلیاں چھو ٹی دکھائی دینے لگتی ہیں ۔
مربے شکل کے ناخن آپ کی انگلیوں کو ڈرامائی شکل دے دیتے ہیں اور آج کل ان کا فیشن بڑھتا جا رہا ہے ایک تو یہ زیادہ خوبصورت لگتے ہیں اور دوسرے ان سے ناخن زیادہ مضبوط بن جاتے ہیں۔ نوکیلی شکل بنانے کے لئے ناخن بہت مضبوط ہونا چاہئے کیونکہ ان کے سروں کو گھس کر نکال دیا جاتاہے اور اس طرح ناخن کمزور پڑ جاتے ہیں تاہم چھوٹی اور موٹی انگلیوں کو خوش نما بنانے کے لئے یہ شکل بہت موزوں ہے۔

مفید مشورے
نیل پالش کی بوتل کو کبھی ہلائیں مت ۔ناخنوں پر نیل پالش لگانے کے بعد ان میں اکثر ہوا کے بلبلے پیدا ہو جاتے ہیں ان سے بچنے کے لئے بوتل کو بڑی آہستگی سے دونوں ہتھیلیوں میں پکڑ کر اسے گھمائیں یعنی چکر دیں ۔
نیل کلپرز
ناخن تراش دھات کے بنے ہوتے ہیں ان کی مدد سے انگلیوں اور پاؤں کے ناخنوں کو کاٹا اور چھوٹا کیا جاتاہے۔

کیوٹیکلز نپرز
یہ بھی دھات کے بنے ہوئے ہوتے ہیں اور ان کی مدد سے ہینگ نیلز (کناروں کا لٹکا ہوا گوشت) تراشا جاتاہے اور انہیں خوبصورت شکل دی جاتی ہے۔
وہائٹ اسٹک
یہ ایک سفید پنسل ہے جس کے ذریعے آگے بڑھے ہوئے ناخنوں کی نچلی جلد کو سفید کیا جاتاہے۔
مینکیور سیزر
یہ ایک قینچی ہے اور اسے ناخن آرٹ کی اشیاء کو تراشا جاتاہے جسے سلک اور لینس وغیرہ۔

ٹوئیزرز
یہ ایک باریک سی چمٹی ہے جس کی مدد سے چھوٹی اشیاء اٹھائی جاتی ہیں۔
فوٹ باتھ
یہ ایک بڑا برتن ہے جس کے اندر گرم پانی رکھا جاتاہے تاکہ پاؤں کے ناخن تراشنے کے دوران اس میں دونوں پاؤں کو ڈبو کر ان میں حرارت پہنچائی جائے۔
فوٹ فائلز
یہ بڑی پلاسٹک کی ریتیاں ہیں جن کی مدد سے پاؤں میں پڑ جانے والی گانٹھوں کو رگڑ کر صاف کیا جاتاہے۔

پیو مس اسٹون
یہ مٹی کے بنے ہوئے پکے جھانوے ہوتے ہیں جن کی سطح کھردری ہوتی ہے اس کی مدد سے پاؤں کی جلد پر جم جانے والی مردہ جلد کو رگڑ کر اسے دور کیا جاتاہے ۔تاکہ پاؤں کی جلد ملائم ہو جائے۔
سلیپرز
یہ کاغذ یا پلاسٹک کے بنے ہوئے غلاف ہوتے ہیں تاکہ پاؤں کی صفائی کے بعد ان کی حفاظت کے لئے پاؤں پر چڑھا دئیے جائیں ۔

ٹوسیپر یٹرز
یہ فوم اور پلاسٹک کی بنی ہوئی اشیاء ہوتی ہیں جن کی مدد سے پاؤں کی انگلیوں میں پالش کے دوران انہیں پھنسا کر انگلیاں ایک دوسرے سے علیحدہ کردی جاتی ہیں تاکہ پالش ایک انگلی سے دوسری انگلی پہ نہ پھیل جائے۔
ہاٹ آئل مینکیور مشین
یہ بجلی سے چلنے والے یونٹ ہوتے ہیں جو کریم کو گرم کرنے کے کام آتے ہیں تاکہ ہاٹ آئل مینکیور کیا جا سکے اس کے ساتھ استعمال کرکے پھینک دینے والے کپ ہوتے ہیں تاکہ صفائی کے جھنجھٹ سے بچا جاسکے۔

ایکریلیک پینٹ برش
یہ مختلف سائزوں میں دستیاب ہیں اور انہیں نیل آرٹ ڈیزائن کرتے وقت ایکریلیک لگانے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔
ٹیبل میٹس اور تولئے
کام کرنے کی جگہ پر انہیں پھیلا دیتے ہیں تاکہ میز پوش اور چادر میں کام کے دوران کچھ گر جانے کے باعث خراب نہ ہوں۔

Browse More Nail Care Tips for Health & Strong Nails

Special Nail Care Tips for Health & Strong Nails article for women, read "Khobsorat Nakhun Or Nail Painting" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.