Khoobsorat O Khush Numa Hath - Article No. 2257

Khoobsorat O Khush Numa Hath

خوبصورت و خوش نما ”ہاتھ“ - تحریر نمبر 2257

نرم ،ملائم اور خوبصورت ہاتھ آپ کی شخصیت کادیرپا تاثر چھوڑجاتے ہیں۔

جمعرات 9 جنوری 2020

نرم ،ملائم اور خوبصورت ہاتھ آپ کی شخصیت کادیرپا تاثر چھوڑجاتے ہیں۔ہم جب کبھی دوسروں سے ملاقات کرتے ہیں تو اپنے چہرے پر مسکراہٹ لاتے ہوئے مقابل سے ہاتھ ملاتے ہیں یا ہاتھ اٹھا کر آداب کرتے یا تسلیم کرتے ہیں۔سوہاتھ بھی اسی طرح سے اہمیت کے حامل ہیں جیسے کہ آپ کا چہرہ ۔حقیقت تو یہ ہے کہ آپ کے ہاتھ کی مکمل طرز زندگی اور آپ کے بارے میں بہت کچھ بتاسکتے ہیں۔
ہاتھ شاذ ونادر ہی ڈھکے رہتے ہیں ۔لہٰذا آپ کو چاہیے کہ آپ انہیں ایسا صاف ستھرا اور دلکش رکھیں کہ وہ دیکھنے والوں کو بہترین دکھائی دیں۔وہ خواتین جن کے ہاتھ خوبصورت ہوتے ہیں اور جو انہیں ہمیشہ صاف ستھرا اور عمدہ رکھتی ہیں ان خواتین کے مقابلے میں زیادہ با اعتماد ہوتی ہیں جو کہ اپنے ہاتھوں کو چھپانے کی کوشش کرتی ہیں۔

(جاری ہے)


اپنے ہاتھوں اور ناخنوں کو ٹپ ٹاپ حالت میں رکھنا کوئی زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔

آپ کے ہاتھوں کو شدید ترین نقصانات ماحولیاتی اثرات سے پہنچتے ہیں جیسے کہ ٹھنڈی خشک ہوا،سورج کی گرم دھوپ ،ڈیٹر جنٹس اور اسٹرانگ صابن جوانہیں خشک اور کھردرا بنا دیتے ہیں۔ہاتھوں پر باقاعدہ توجہ اور دیکھ بھال کے لئے روزانہ صرف چند منٹ درکار ہوتے ہیں جبکہ ہفتہ وار مینی کیور سے مزید فائدہ پہنچتاہے۔ضروری نہیں کہ مینی کیور کے لئے آپ بیوٹی سیلون ہی جائیں۔
یہ گھر پر بھی کیا جا سکتاہے اور وہ بھی اپنے فالتو وقت میں یا ٹیلی ویژن دیکھنے یا آرام کرنے کے دوران۔کسی بھی وقت ۔
گھر پر مینی کیور
گھر پر ہفتہ وار مینی کیور کے لئے آپ کو مندرجہ ذیل اشیاء درکار ہوں گی۔نیل کٹر،نیل پالش،کاٹن وول،کیوٹیکل کریم،اورنج اسٹکس ،پیومائس اسٹون ،ایمری بورڈ،سافٹ نیل برش،ہینڈ کریم،لیکوئیڈ سوپ یا شیمپواور کنکنے پانی کا ایک پیالہ۔

مینی کیور کے لئے اس سادے مرحلہ وار طریقے پر عمل کریں۔
کاٹن وول کو نیل پالش ریموور میں ترکرلیں اور پرانی نیل پالش رگڑ کر صاف کرلیں۔اگر ضروری ہوتو ایک نیل کٹر کی مددسے اپنے ناخنوں کو شیپ دے دیں۔
ایمری بورڈ سے اپنے ناخنوں کو فائل کرلیں۔
گرم پانی کے پیالے میں لیکوئیڈ سوپ یا شیمپو کے چند قطرے شامل کرلیں اور اپنے ہاتھوں کو 5سے10منٹ تک اس پانی میں ڈبوئے رکھیں۔

اس دوران جبکہ آپ کے ہاتھ پانی میں ڈوبے ہوئے ہوں،انہیں جھانواں پتھر سے نرمی کے ساتھ رگڑیں اسی طرح نیل برش کو نرمی کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے ناخنوں کو بھی صاف کرلیں۔
ہاتھوں کو پانی سے باہر نکال لیں اور نرم تولیے کی مدد سے تھپتھپا کر انہیں خشک کر لیں۔اپنے ناخنوں پر کیوٹیکل کریم لگائیں۔
ناخنوں پر پالش لگانا
پھر کیوٹیکل کریم سے نم کی ہوئی اور نج اسٹک کی مدد سے اپنے ناخنوں کو صاف کرلیں۔
پھر نرمی کے ساتھ کو ٹیکلز کو پیچھے دھکیل دیں اور مردہ جلد کو ہٹا دیں۔
اپنے ہاتھوں کو ایک بار پھر گرم پانی میں ڈبو کر کریم کو دھوڈالیں۔تولیے سے ہاتھوں کو خشک کرلیں۔
اپ ہینڈ کریم سے اپنے ہاتھوں کی5سے7منٹ تک مالش کریں۔ایک گیلے تولیے سے اضافی کریم کو ہٹا دیں۔
ناخنوں کو مطلوبہ رنگ کی نیل پالش سے پینٹ کرلیں۔بیس کوٹ لگائیں،اسے خشک ہونے دیں اور پھر دوسرا کوٹ لگائیں۔

ورزشیں
ورزش کرنے سے نہ صرف آپ کے ہاتھ مضبوط ،ملائم ہو جائیں گے بلکہ آپ کے بازوؤں کے مسلز بھی ٹائٹ رہیں گے۔یہاں پر چند ساداسی ورزشیں بیان کی جارہی ہیں جو آپ با آسانی کر سکتی ہیں۔بیڈ منٹن اور ٹینس کھیلنا آپ کے ہاتھوں کے لئے ایک نہایت عمدہ ورزش ہے۔یہ ورزشیں آپ کے ہاتھوں کو مضبوط بنائیں گی اور کلائیوں کے مسلز پر اثر پذیر ہوں گی۔

مضبوطی سے پری جما کر کھڑی ہوجائیں اور اپنے ہاتھوں کو شانوں کی اونچائی تک بلند کرلیں۔اب جھکے بغیر اپنے ہاتھوں کو کر اس کر لیں۔یہ دھیان رہے کہ پہلی مرتبہ میں آپ کا داہنا ہاتھ حرکت کرتا ہوا اوپر آئے اور اگلی مرتبہ نیچے آجائے۔قدرتی طور پر بایاں ہاتھ بھی اسی انداز سے حرکت میں آئے گا۔ہاتھوں کو واپس پہلو میں لے آئیں۔قدرے آرام کریں پھر اسی عمل کو دہرائیں۔
یہ یقین رکھیں کہ اس تمام ورزش کے دوران آپ کی ہتھیلیاں کھینچی ہوئی رہنی چاہیئں۔
اپنے ہاتھوں کو پھیلاتے ہوئے ہتھیلیوں کو کھینچ کر مٹھی بنا لیں۔مٹھی کو جھٹکے سے کھول دیں تاکہ انگلیاں پھیل جائیں اور پھر مٹھی بند کرلیں۔اس ورزش کو8تا10مرتبہ دہرائیں ۔یہ ورزش بازوؤں کے مسلز کو ٹائٹ کردے گی اور کلائیوں کو مضبوط بنا دے گی۔دروازے کے نیچے کھڑی ہو جائیں اور اپنے ہاتھوں کو اوپر کی جانب اٹھاتے ہوئے دروازے کے فریم کو چھونے کی کوشش کریں۔
اس کا مقصد آپ کے ہاتھوں کو زیادہ سے زیادہ حد تک کھنچاؤ دلانے سے ہے۔آرام کریں،ہاتھوں کو نیچے لے آئیں،آرام کریں اور اس ورزش کو دہرائیں۔
اور اب چند ٹپس
ذیل میں گرکی چند باتیں بتائی جارہی ہیں جنہیں آپ روٹین اور بیوٹی سے آگاہی کے عمل کا ایک حصہ بنا سکتی ہیں۔جلد کو ملائم اور نم رکھنے کے لئے اپنے ہاتھوں پر باقاعدگی کے ساتھ ہینڈ کریم کی مالش کرتی رہا کریں۔
اس عمل کو رات کو سوتے وقت اپنے معمول کا ایک حصہ بنا لیں۔ہاتھوں کو شدید قسم کے ڈیٹرجنٹس سے تحفظ عطا کرنے کے لیے برتن یا کپڑے دھوتے وقت ہمیشہ برکے کے دستانے پہن لیا کریں۔
باہر دھوپ میں نکلنا ہوتو اپنے ہاتھوں پر سن اسکرین لوشن لگا لیں۔
ہاتھ دھونے کے لئے ہلکے قسم کا صابن استعمال کریں۔
سردیوں میں خشک ٹھنڈی ہواؤں سے ہاتھوں کو محفوظ رکھنے کے لئے باہر نکلتے وقت عمدہ سی ہینڈ کریم استعمال کریں ۔
پیٹرولیم جیلی بھی ایک عمدہ ہینڈ سافٹنر ہے۔اپنے نہانے کے پانی میں چند قطرے سودھنگ باتھ آئل ملالیں۔یہ آپ کے ہاتھوں کو نرم رکھے گا۔
اپنے ہاتھوں پر دہی کا لیپ کرلیں۔کچھ دیر کے بعد اسے دھولیں ۔یہ آپ کے ہاتھوں کو نرم وملائم کردے گا۔
عرق گلاب میں تھوڑی سی ملتانی مٹی حل کرلیں۔اس میں ایک چائے کا چمچہ زیتون کا تیل ملالیں۔گاڑھا پیسٹ بنالیں اور اسے اپنے ہاتھوں پر لگائیں۔
جب خشک ہو جائے تو اسے دھولیں ۔اس سے آپ کے ہاتھ صاف ،نرم اور ملائم ہو جائیں گے۔2چائے کے چمچے عرق گلاب اور اسی مقدار میں گلیسرین لے لیں۔اسے ہاتھوں پر لگائیں اور 20منٹ لگا رہنے کے بعد دھوڈالیں۔اس سے آپ کے ہاتھ نرم اورچمک دار ہو جائیں گے۔ان گرکی باتوں پر عمل کرنے کے بعد آپ کے ہاتھ یقینی طور پر خوش نما اور دلکش ہو جائیں گے اور دوسرے ان کی نرمی،ملائمت اور ٹیکسچر کو تحسین آمیز نگاہوں سے دیکھے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

Browse More Nail Care Tips for Health & Strong Nails

Special Nail Care Tips for Health & Strong Nails article for women, read "Khoobsorat O Khush Numa Hath" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.